• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یاد گار کیچز

کرکٹ میچوں میں بیٹنگ اور بالنگ کے علاوہ فیلڈنگ بھی اہم کردار ہوتی ہے۔ بعض اوقات فیلڈرز کی جانب سے ڈراپ ہونے والے کیچ ٹیم کی فتح کو شکست میں بدل دیتے ہیں، جب کہ بعض کیچز سےٹیم جیت جاتی ہے۔ 

اس ہفتے ہم چندیادگار کیچز کا تذکرہ نذر قارئین کررہےہیں ،جوکرکٹ کی تاریخ میں امر ہوگئے۔

شاہد آفریدی کا حیران کن کیچ

یاد گار کیچز

شاہد آفریدی قومی ٹیم کےبہترین آل راؤنڈر ہیں۔ پی ایس ایل 2018کے ایک میچ میں انہوں نے حیران کن انداز میں کیچ پکڑا جو ساری دنیا میں سراہا گیا۔ آفریدی نےکراچی کنگز کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں باؤنڈری لائن کے قریب کیچ پکڑ ا جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور کراچی کنگز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے عمر یامین نے محمد عرفان کی تیز گیند پرچھکا لگانے کے لیے انتہائی اونچا شاٹ کھیلاتو ایسا لگا کہ گیندفضا میں اڑتی ہوئی باؤنڈری لائن کے باہر جائے گی اور گلیڈی ایٹرز کو6 رنز مل جائیں گے مگر اسی دوران با ؤنڈری پر کھڑے ہوئےآفریدی ،بال پرکسی عقاب کی طرح جھپٹے اور کیچ پکڑلیا۔ 

یہ ناقابل یقین کیچ تھا جس پر ایمپائر بھی محو حیرت تھے۔ انہوں نے عمر امین کو آؤٹ دینے سے قبل ٹی وی ایمپائر سے رجوع کیا جنہوں نےانہیں کیچ آؤٹ قرار دیا۔ اس سلسلے میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کیریئر کا بہترین کیچ پکڑنے کی خواہش تھی، اسی لیے وہ باؤنڈری لائن کے قریب آکر کھڑے ہوئے۔ عمر امین کے شاٹ لگانے کے بعد گیند ہوا میں تھی، میں نے اس پر نگاہیں جما کر رکھیں اور ڈائی لگا کر اسے پکڑ لیا اور فوری طور سےاندر کی جانب اچھالا اور دوڑ کر دوبارہ گیند کو اپنی گرفت میں لے لیا ۔

وہاب ریاض

یاد گار کیچز

2017میں پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے پر گئی ۔ ایک میچ کے دوران71 رنز پر ویسٹ انڈیز کے پانچ بلے باز آئوٹ ہو گئے، اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ کیربین ٹیم 200 رنز بھی نہیں بنا پائے گی۔پاکستانی فاسٹ بالرکیریئر کی بہترین بولنگ کر رہے تھے۔ وہاب ریاض اندھا دھند شارٹ لینتھ پھینک رہے تھے۔ویسٹ انڈین بیٹس مین ڈاورچ اور روسٹن چیز نے پاکستانی بالرز کا دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا اور مہمان بالرز انہیں آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔ 

صاف لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈیز بغیر مزید نقصان کے، پورا دن کھیلے گی۔وہاب ریاض مڈ آف پر فیلڈنگ کر رہے تھے۔ روسٹن چیز نے شاٹ کھیلا، اگرچہ بال ہوا میںپرواز کرتے ہوئے کسی بھی فیلڈر کی پہنچ سے دور تھی لیکن وہاب ریاض نے بال کےساتھ ساتھ دوڑنا شروع کیا اور چند لمحوں بعدفضا میں اچھلتے ہوئے ناقابل یقین کیچ پکڑ لیا۔

محمد عامر

یاد گار کیچز

فاسٹ بالر محمد عامر کا ایک کیچ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ تاخیر سے لیا جانے والا کیچ کہلایا۔ اسپاٹ فکسنگ کے الزام میںپانچ سالہ پابندی کا خاتمہ ہونے کے بعد عامر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں حصہ لیا۔ یہ ان کے کیریئر کا 20واں میچ تھا۔ اس میچ میں انہوں نے فاسٹ بالر، ذوالفقار بابر کی گیند پر ڈیرن براوو کا کیچ لیا جو ان کا پہلا کیچ ہونے کی وجہ سے یادگار تھا۔

تھسارا پریرا

یاد گار کیچز

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل کے میچ میں ہارنے والی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر جانا تھا۔ میچ کے ابتدائی مرحلے میںپشاور زلمی کے بیٹس مین آندرے فلیچر نے ایک اونچا شاٹ کھیلا جو چوکا لگ رہاتھا لیکن تھسارانے، جو مڈ آن کی پوزیشن پر کھڑے تھے، گیند کا تعاقب کیا اور باؤنڈری کے قریب ڈائی لگا کر اسےپکڑنے میں کامیاب رہے۔

ڈین ایلگر

یاد گار کیچز

حال ہی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانس برگ ٹیسٹ کے تیسرے دن آسٹریلین ٹیم کے کپتان ٹم پین بیٹنگ کررہے تھے۔ انہوں نےمیزبان ٹیم کے بالر،ربادا کی گیند پر زوردار شارٹ لگایا، گیند ہوا میں اچھل گئی،۔

ڈین ایلگر جو سلپ پر فیلڈنگ کررہےتھے، انہوں نےمخالف سمت د وڑتے ہوئےڈائیولگائی اورکشش ثقل کے خلاف جاتے ہوئے گیندکواپنی دسترس میں لے لیا۔ اس ،شاندار کیچ پر جہاں شائقین نے بھرپور داد دی وہیں کمنٹیٹرزبھی حیرت زدہ تھے، اور انہوں نے اسے چند بہترین کیچوں میں سےایک قرار دیا۔

محمد کیف

یاد گار کیچز

2004میں بھارتی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی۔ کراچی میں ایک روزہ میچ کے دوران پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو ایک روزہ کرکٹ کی عالمی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف 350رنز کا دیا۔ پاکستان کو 8گیندوں پر دس رنز بنانا تھے ،شعیب ملک نے ایک اونچا شاٹ کھیلا لیکن گیند ہوا میں معلق ہوگئی۔

محمد کیف لانگ آف اور ہیمانگ بدانی لانگ آن کی پوزیشن سے دوڑتے ہوئے گیند کی طرف آئے۔ دونوں فیلڈر ایک دوسرے سے متصادم ہوئے لیکن کیف نے گرتے گرتے بھی کیچ پکڑ لیا۔ شعیب کے آؤٹ ہوتے ہی نئے آنے والے بلے باز صرف پانچ رنز بنا سکے اور بھارت نے مذکورہ میچ پانچ رنز سے جیت لیا۔

جوئے ڈینلی

یاد گار کیچز

پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں لاہور قلندر کی جانب سے کھیلنے والے جوئے ڈینلی نے بھی ایک موقع پر ایک ایسا کیچ پکڑا جس نے جونٹی رہوڈز کے کیچ کی یاد تازہ کردی۔ کراچی کنگز کے بلے باز کا شاٹ ہوا میں اڑتا ہوا باؤنڈری لائن کی جانب گیا جو یقیناً چھکا ہوتا لیکن ڈینلی نے اس موقع پر ہوا میں تقریباً پرواز کرتے ہوئے اسے پکڑ لیا۔

کپل دیو

یاد گار کیچز

1983کے عالمی کپ کےفائنل میچ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ ہوا۔ سر ویوین رچرڈز نے کپل دیو کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلا جو کپل کے سر کی جانب آیا۔ انہوں نے فضا میں اچھل کر کیچ پکڑ لیاجو ورلڈ کپ کی تاریخ کا شاندار کیچ قرار پایا۔اسی سال ایک دوسرے میچ بھی ویوین رچرڈ ز، کپل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم 183نز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے دوران، ویوین رچرڈ ز ویسٹ انڈیز کے پہلے کھلاڑی کے پانچ رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے کے لیے آئے۔ انہوں نے تیزی کے ساتھ اپنی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا اور سات چوکے لگائے۔ بھارتی اسپنر مدن لال کی گیند پر رچرڈ زنے پل شاٹ کھیلا۔ 

کپل جومڈ آف پوزیشن پر کھڑے تھے، وہ20میٹر تک پیچھے کی جانب بھاگتے ہوئے آئے اور گیند کو زمین پر گرنے سے قبل پکڑ لیا۔

راہول ڈریوڈ

یاد گار کیچز

راہول ڈریوڈ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایسے بلے باز تھے جنہیں ’’آہنی چٹان ‘‘ کا لقب دیا گیا تھا،انہیں ٹیم کا سست ترین فیلڈربھی کہا جاتا تھا۔ جنوری 2000ء میں ’’گابا‘‘ میں آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان کے درمیان تین قومی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوب صورت کیچ پکڑا۔پاک بھارت میچ کے دوران پاکستان ٹیم بھارت کی جانب سے دیئے گئے 196رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کررہی تھی۔ 

سری سانتھ کی بالنگ کے دوران پاکستانی بیٹس مین معین خان بیٹنگ کررہے تھے، جب کہ راہول ڈریوڈ اسکوائر لیگ پر کھڑے تھے۔ بھارتی بالر کی ایک شارٹ بال کو معین نے پوری قوت سے پل کیا۔ ڈریوڈ نے گیند کے ساتھ ساتھ بھاگتے ہوئے باؤنڈری لائن کے قریب ڈائی لگا کر اسے کیچ کرلیا۔

ڈینئل ویٹوری

یاد گار کیچز

2015کے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں جو ویلنگٹن میں کھیلا گیا،اس میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہوا۔ کیوی بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی حریف ٹیم کو چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 393رنز کا ہدف دیا۔ 

میچ کے دسویں اوور میںٹرینٹ بولٹ کی بالنگ کے دوران کیربئن بلے باز ، مارلن سموئیل نے تھرڈ مین پوزیشن کی جانب اپر کٹ شاٹ کھیلاجہاں ویٹوری کھڑے تھے، گیند باؤنڈری لائن کی جانب جارہی تھی۔

یہ یقیناًچھکا ہوتا لیکن ڈینئل ویٹوری نےکسی ایتھیلیٹ کے انداز میں دوڑتے ہوئے گیند کو باؤنڈری پار کرنے سے قبل ہی ہائی جمپ لگا کردبوچ لیا۔ یہ کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کیچوں میں سے ایک کیچ قرار پایا۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین