• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
صرف گوشت نہیں سبزیاں بھی کھائیں!

عموماً یہ سوچا جاتا ہے کہ دالیں اور سبزیاں کم جبکہ گوشت اچھی اور بہتر غذا ہےجبکہ یہ سوچ قطعاً غلط ہے ۔ دالیں اور سبزیاں بھی گوشت کی طرح ایسے ہی غذائی اجزاء رکھتی ہیں جو انسانی صحت و تندرستی کے لئے اشد ضروری ہیں ۔ یہاں اس بات کا دھیان رکھنا بھی لازمی ہے کہ گوشت یا صرف سبزیاں کھانا ہی ٹھیک نہیں بلکہ ان کا مناسب امتزاج ہی صحت کی بہترین علامت ہے ۔

سبزیاں اب عالمی طور پر غذا کی ضرورت بن چکی ہیں ، کیونکہ جدید ریسرچ نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ جو لوگ غذا میں سبزیوں کی مناسب مقدار شامل رکھتے ہیں ، ان میں بیماریوں کے امکانات کافی کم ہوتے ہیں ۔ سبزیوں میں قدرتی نمکیات ، معدنیات ، اور وٹامنز کا خزانہ ہوتا ہے ۔ چونکہ سبزیوں میں نمکیات کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اس لئے بھی یہ جسم کےلئے اشد ضروری ہیں ۔چند سبزیوں سے بنے کھانوں کی تراکیب اور ان کے فوائد قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔

اروی تاثیر کے لحاظ سے گرم ہوتی ہے اور بھوک بڑھاتی ہے ۔ خشک کھانسی میں اکثیر اور بلغمی طبیعت میں نقصان دہ ہوتی ہے ۔گرم خشک مزاج کو موافق ہوتی ہے ۔یہ ہضم کرنے میں ثقیل اور قابض ہوتی ہے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ اس کی تیاری میں گرم مصالحہ اور اجوائن وغیرہ استعمال کی جائے ۔

پالک کا پراٹھا

اجزاء:

پالک۔آدھا کلو

ہری مرچیں۔ 4 عدد

آٹا۔ ڈیڑھ کپ

نمک۔ حسب ذائقہ

گھی۔ حسب ضرورت

ترکیب:

پالک صاف کرکے دھو لیں۔ سو گرام الگ رکھ لیں اور اس کو کاٹ لیں۔ باقی کو ابلتے ہوئے پانی میں تھوڑی دیر ڈالیں اور ٹھنڈے پانی میں تازہ کرلیں۔ ہری مرچیں دھو کر بیج نکال لیں اور انہیں کاٹ لیں۔ ابلے پانی میں ڈالی ہوئی پالک اور ہری مرچوں کا گاڑھا شوربا بنائیں۔ آٹے کو نمک کے ساتھ چھان لیں اور پالک کے شوربے، کٹی ہوئی پالک اور پانی(اگر ضرورت ہو تو) کے ساتھ نرم گوندھ لیں ۔پھر گیلے کپڑے سے ڈھانپ دیں اور تیس منٹ کے لیے الگ رکھ دیں۔ 

آٹھ مساوی حصوں میں تقسیم کریں ہر ایک کو رول کریں ، ہلکا سا گھی لگائیں اور درمیان سے تہہ کرلیں، پھر ایک اور تہہ لگائیںاور تکون کی شکل میں رول بنالیں۔ توا گرم کریں اور اس پر پراٹھا رکھیں، پراٹھے کو الٹا کریں اور اس کے چاروں طرف گھی لگائیں۔ پھر پلٹیں اور دوسری جانب بھی گھی لگائیں، پکائیں یہاں تک کہ دونوں طرف سے برابر پک جائے۔ دہی کے ساتھ گرما گرم پیش کریں۔

شلجم تاثیر کے لحاظ سے قدرے گرم تر ہوتے ہیں ۔ معتدل ، ہلکی پھلکی اور زود ہضم غذا ہے ۔ اس میں نشاستہ نہیں ہوتا مگر حرارت بخش ہوتے ہیں ۔ شوگر کے مریضوں کے لئے نہایت مفید ہے ۔ قبض کشا ہے ، اور اس میں وٹامن اے ، بی اور سی پائے جاتے ہیں ۔ شلجم میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے ۔ اس لئے اس کو پکاتے وقت زیادہ پانی استعمال نہیں کرنا چاہئے ۔ اس میں سیاہ زیرہ اور ادرک شامل کرنے سے اس کے بادی اثرات ختم ہوجاتے ہیں ۔

چکن شلجم

اجزاء:

چکن ۔ایک کلو

شلجم۔آدھا کلو

لہسن ادرک (پیسٹ ) ۔ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ حسب دائقہ

لال مرچ(کٹی ہوئی ) ۔ایک کھانے کا چمچ

ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ

دہی۔آدھا کپ

چینی ۔ایک چائے کا چمچ

لیموں۔چار عدد

ہری مرچیں۔ آٹھ عدد

گرم مصالحہ پاوڈر ۔ایک چائے کاچمچ

ترکیب :

شلجم کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ چکن کو دھوکر ایک پین میں ڈالیں اور لہسن ادرک کا پیسٹ شامل کر کے پکائیں ۔ یہاں تک کہ اس کا پانی خشک ہوجائے ۔ اب اس میں لال مرچ ،دہی اور ہلدی شامل کریں اور پکائیں ۔ شلجم کو دوسرے پین میں فرائی کریں اور پھر چکن میں شامل کردیں۔ اس کے بعد چینی ،ہری مرچیں ،ہرا دھنیا ،لیموں کا رس ،کالی مرچیں اور گرم مصالحہ شامل کریں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں ۔ جب پانی بالکل خشک ہوجائے تو اتارلیں ۔ مزیدار چٹ پٹا چکن شلجم تیار ہے ۔ چپاتی کے ہمراہ گرم گرم پیش کریں۔

مٹر کی تاثیر سرد و خشک ہوتی ہے ۔ مٹر زود ہضم اور مقوی غذا ہے۔ جس سے انسان میں خون اور گوشت بڑھتا ہے ، مٹر میں گندھک ، فاسفورس، نائٹروجن اور پروٹین جیسے اجزاء پائے جاتے ہیں ۔مٹر پھیپھڑے کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے ، خشک مٹر کا شوربہ بہت قوت بخش ہوتا ہے ۔مٹر کھانے کے بعد پانی پینے سے پرہیز کرنا چاہئے وگرنہ مٹر بدہضمی کا باعث بن سکتے ہیں ۔

شاہی مٹر پلاؤ

اجزاء:

چاول ۔آدھا کلو

مٹر۔ایک کپ

تیل ۔ایک چوتھائی کپ

پیاز۔ آدھا کپ

کالی مرچ۔ 10 عدد

لونگ۔ 6 عدد

دار چینی۔ 1 ٹکڑا

ہری الائچی۔ 2 عدد

کالی الائچی۔ 1 عدد

ادرک لہسن (پیسٹ)۔ 1چائے کا چمچ

لال مرچ۔ 1 چائے کا چمچ

نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

دہی۔ایک کپ

انڈے(ا بلے ہوئے)۔ 2 عدد

ترکیب:

سب سے پہلے تیل گرم کر کے اس میں تلی پیاز، کالی مرچ، لونگ، دار چینی، ہری الائچی، کالی الائچی، ادرک لہسن کا پیسٹ اور ایک چوتھائی کپ پانی ڈالیں۔ساتھ ہی اس میں نمک، پسی لال مرچ، دہی اور مٹر شامل کرکے اچھی طرح فرائی کر لیں۔پھر اس میں چاولوں کو 2 کپ پانی کے ساتھ ڈال کر ڈھکیں اور اتنا پکالیں کہ چاول تیار ہو جائیں۔اب اسے 10 منٹ کے لیے دم پر چھوڑ دیں۔سرو کرنے سے پہلے انڈے اور کاجو سے گارنش کریں۔مزیدار شاہی مٹر پلاؤ تیار ہے۔

بند گوبھی قبض کشا ہوتی ہےاور خون صاف کرتی ہے۔شوگر کے مریضوں کے لئے بھی بہت مفید ہے کیونکہ اس میں نشاستہ اور شکر نہیں ہوتی ۔

اروی کا سالن

اجزاء:

اروی ۔ایک کلو

پیاز ۔چار عدد

کالی مرچ۔ 10عدد

الائچی۔ 10عدد

ادرک۔چھوٹا ٹکڑا

سفید زیرہ ۔ چھ ماشے

سیاہ زیرہ ۔ چھ ماشے

دہی۔ ایک پاؤ

گھی۔ ایک پاؤ

دار چینی۔ چار ماشے

لونگ۔ چار ماشے

ہلدی ۔تین چمچ

دھنیا۔ دو تولہ

نمک۔ حسب منشاء

مرچ۔ حسب منشاء

اجوائن یا گرم مصالحہ۔حسب ذائقہ

ترکیب:

پیاز باریک لچھے دار کاٹ لیں۔ پیاز، ادرک اور تمام مصالحہ جات پیس کر مصالحہ بنا لیں۔ اروی چھیل کر قتلیاں بنالیں۔ گھی گرم کر یں اور اروی کے قتلے تل لیں۔پیاز کے لچھے اور تمام مصالحہ جات ڈال کر پکائیں۔5منٹ بعد دہی ڈال دیں۔جب اروی گل جائے تو اتار لیں۔ اروی کا مزیدار سالن تیار ہے۔

پالک بہت طاقت ور سبزی ہے ، اس میں موجود فولاد سے جسم میں طاقت و قوت کی کمی پوری ہوتی ہے ۔ پالک جلد ہضم ہو جاتی ہے اور قبض کشا ہوتی ہے ۔ پالک پتھری، یرقان اور گرمی کے بخار میں فائدہ مند ہوتی ہے ۔ یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھاتی اور جگر کو مضبوط کرتی ہے ۔ پالک پکانے سے پہلے اسے مناسب طریقے سے دھو لینا چاہئے تاکہ اس میں لگی ریت اور مٹّی اچھی طرح نکل جائے ۔

چقندر کا حلوہ

اجزاء:

چقندر:ایک کلو

دودھ: دو پیالی

اصلی گھی: آدھی پیالی

چینی ( شکر) : حسب ذائقہ

ڈرائی فروٹس : بادام، کاجو:حسب ذائقہ (رات بھر بھگو دیں صبح چھلکا نکال کر پیسٹ بنا لیں)

ترکیب:

چقندر کو کدو کش کر لیں۔ پھران کدو کش کئے ہوئے چقندروں کو دودھ ڈال کر پکائیں۔ اب کسی برتن میں گھی گرم کریں اور دودھ میں پکے ہوئے چقندر ڈال کر اچھی طرح بھونیں پھر اس میں شکر اور ڈرائی فروٹس ڈال کر پکائیں۔ یہاں تک کہ شکر اور چقندر یک جان ہو جائیں۔ لیجئے حلوا تیار ہے۔ چاہیں تو حلوے پر فریش کریم ڈال کرگھر میں بنے گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ نوش فرمائیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین