• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا وویک اگنی ہوتری نے تیمور نام پر سیف کو طنز کا نشانہ بنایا؟

سیف علی خان اپنے بیٹے تیمور کے ساتھ، بائیں تصویر میں وویک اگنی ہوتری—فائل فوٹوز
سیف علی خان اپنے بیٹے تیمور کے ساتھ، بائیں تصویر میں وویک اگنی ہوتری—فائل فوٹوز

2016ء میں جب سیف علی خان اور کرینہ کپور نے اپنے بیٹے کا نام تیمور رکھا تو انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ فلم ساز وویک اگنی ہوتری کی فلم دی بنگال فائلز نے 16 اگست کو ٹریلر جاری ہونے کے بعد سے ہی ایک بڑے تنازع کو جنم دیا ہے۔

ٹریلر میں ایک بچے کا نام تیمور دکھایا گیا ہے، جس نے اس قیاس آرائی کو جنم دیا ہے کہ اگنی ہوتری نے سیف علی خان اور کرینہ کپور کو اپنے پہلے بیٹے کا نام تیمور رکھنے پر نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی شو میں شرکت کے دوران وویک اگنی ہوتری نے واضح کیا کہ انہوں نے سیف علی خان پر طنز نہیں کیا ہے لیکن بھارت میں کسی کو بھی اپنے بچے کا نام تیمور نہیں رکھنا چاہیے۔

وویک اگنی ہوتری نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کا نام تیمور ہے، سیف پہلے شخص نہیں تھے جنہوں نے اپنے بچے کا نام تیمور رکھا، میں وضاحت کرتا ہوں، جب میں سمرقند میں دی تاشقند فائلز کی شوٹنگ کے لیے گیا تو میں نے تیمور کے مقبرے کا دورہ کیا، اس کے باہر لکھا ہے کہ تیمور نے دنیا کی سب سے امیر سلطنت یعنی دہلی کو فتح کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیمور اپنے ملک میں ایک ہیرو اور عظیم آدمی ہے لیکن ہمارے لیے نہیں۔

واضح رہے کہ 2016ء میں جب سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنے بیٹے تیمور کا نام منظرِ عام پر لائے تو انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایک انٹرویو میں سیف نے اعتراف کیا تھا کہ میں تقریباً اپنے بیٹے کا نام بدلنے والا تھا، میں نے کچھ ہفتے سوچا کہ شاید نام بدل دوں مگر کرینہ اس کے خلاف تھیں، انہوں نے کہا کہ لوگ آپ کی رائے کی عزت کرتے ہیں، آپ ایسا نہیں کر سکتے، تو میں نے کہا ٹھیک ہے، لیکن یہ لوگوں کے بارے میں نہیں ہے، میں نہیں چاہتا تھا کہ میرا بیٹا ناپسندیدہ ہو اور شاید جب وہ ایک یا دو سال کا ہومیں اس کا نام بدل دوں۔

گزشتہ برس کرینہ کپور نے اس مسئلے پر بات کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یقیناً مجھے دکھ ہوا کہ لوگ تیمور کے نام کے بارے میں باتیں کر رہے تھے، تیمور کو تو شاید معلوم بھی نہیں کہ اس کے نام کے حوالے سے کتنا ہنگامہ ہوا تھا لیکن اسے بہت محبت بھی ملی کیونکہ لوگ اس میں دلچسپی لے رہے تھے اور میں سوچتی تھی کیوں؟ کیونکہ لوگ اسے جانتے بھی نہیں تھے اور وہ چھوٹا سا بچہ تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید