ماہ رمضان میں جہاں چہار سو رحمتوں و برکتوں کی بارش ہوتی ہے، وہیں نعمتوں کےنزول کی فراوانی کا سمندر بھی ٹھاٹھیں مارتا ہے۔ خدائے بزرگ و برتر کی خوش نودی کے حصول کے لیے عبادات کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو ساتھ ساتھ سحر و افطار کے خصوصی انتظامات کے لیے بھی خاتون خانہ کمر کس لیتی ہیں اور صحت و توانائی سے بھرپور غذائیں دسترخوان پر چننے کے لیےنت نئی تراکیب پر عمل کرتی ہیں۔آج ہم نے ’مڈویک کچن‘ میں سحر و افطار کا اہتما م کیا ہے،آپ بھی ان تراکیب کو آزما کر داد پائیے۔
لچھے دار پراٹھے
اجزاء:آٹا ایک کپ،میدہ دو کپ،نمک ایک چٹکی،پانی اورتیل حسبِ ضرورت
ترکیب سب سے پہلے میدہ ، آٹا، نمک،پانی اور آئل مکس کرکے سخت ڈو تیار کرلیں اور تقریباً دس منٹ کےلیے رکھ دیں۔اس کے بعد اس ڈو کے چھوٹے چھوٹے سات پیڑے بنا کر الگ الگ بیل لیں، پھر ہر روٹی پر تھوڑا سا آئل لگا کر اس کے اوپر دوسری روٹی رکھ دیں ۔اسی طرح ساتوں روٹیاں آئل لگا کر ایک دوسرے کے اوپر رکھ دی جائیں، پھر انہیں ایک ساتھ یوں بیلیں کے ایک روٹی بن جائے، اب تیز چھری سے اسی لمبی اور پتلی پٹیاں کاٹ لیں پھر ایک ایک پٹی کو اس طرح رول کریں کہ یہ گول ہوجائیں۔اب انہیں بیل کر گرم توے میں فرائی کریں، گرما گرم لچھے دار پراٹھے تیار ہیں، دھی یا لسی کے ساتھ بھی پیش کرسکتی ہیں۔
چیز آملیٹ
اجزا:انڈے تین عدد،مکھن ایک کھانے کاچمچ،فریش کریم یا دودھ دو کھانے کے چمچ،نمک اور کالی مرچ حسب ذائقہ،تھوڑا سا پنیر، باریک کٹا ہوا
ترکیب:انڈوں میں نمک، کالی مرچ اور دودھ شامل کرکے پھینٹ لیں۔ایک نان اسٹک پین لیں ،اسے تیز گرم کرکے آنچ درمیانی کرلیں اس میں ایک کھانے کا چمچ مکھن ڈالیں اور سارے پین پر پھیلا لیں اور مکھن کے جلنے سے پہلے پہلے اس میں انڈے ڈال دیں، کچھ دیر انتظار کریں ،پھر اس بات کا یقین کر لیں کہ آملیٹ کے نیچے والا حصہ پک چکا ہے اور پلٹنے پر نہیں ٹوٹے گا تو، آملیٹ کو پلٹ دیں ،لیکن اسے ذیادہ نہیں پکانا ، اب اسے واپس پلٹ دیں، اور اس کےاوپر باریک کٹی ہوئی پنیر ڈال دیں اور آملیٹ کو فولڈکرلیں، چند سیکنڈبعد پلیٹ میں نکال کر نوش فرمائیں۔
آلو بخارے کی چٹنی
اجزاء: آلو بخارا – ایک پاؤ،املی – ایک پاؤ،بادام کی گری – دس عدد،چینی آدھا پاؤ،کشمش – آدھا چھٹانک،لہسن – چار جوئے،ثابت مرچ – چار عدد،کلونجی – ایک چائے کا چمچ،سفید سرکہ – ½ پیالی،نمک – آدھا چائے کا چمچ
ترکیب آلو بخاروں کو گرم پانی میں بھگودیں، جب وہ نرم پڑجائیں تو ہاتھ سے اچھی طرح میش کرلیں، اب اس میں املی کا گاڑھا رس ملادیں، پھر ایک مٹی کی ہانڈی میں املی، آلو بخارے، چینی یا گڑھ، ابلے بادام، باریک کٹے لہسن،ثابت لال مرچ، کلونجی اورسفید سرکہ ملا کر ہلکی آنچ پر پکالیں۔، گاڑھی ہونے کے بعد چولھے سے اتارلیں اور ٹھنڈا کرلیں۔
شاہی پکوڑے
اجزابریڈ یا نان حسب ضرورت،بیسن دوکپ،پیازایک کپ (باریک کٹی ہوئی)،سبز مرچیں تین سے چار عدد،سبز دھنیہ آدھا کپ،انار دانہ حسب ضرورت
ترکیب:گھر کے افراد کے حساب سے حسب ضرورت بریڈ کے پیس لے لیں اور پھر ایک سلائس کے 2 یا 4 پیس کاٹ لیں۔اب چاہیں تو بیسن کا سادہ آمیزہ نمک، مرچ، مسالے ڈال کر بنا لیں ورنہ دوسری صورت میں بیسن میں باریک کٹی پیاز، سبز مرچیں، نمک، سرخ مرچیں، تازہ سبز دھنیہ اور انار دانہ حسب ضرورت ڈال کر آمیزہ تیار کرلیں۔پھر اس میں کٹی ہوئی بریڈ سلائس کو ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں۔مزیدار شاہی پکوڑے تیار ہیں۔ چٹنی اور کیچپ کے ساتھ افطار پر پیش کریں اور خوب داد وصول کریں۔
بریڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں نان کے پیس لے کراس سے بھی شاہی پکوڑے بنائے جا سکتے ہیں۔
چائینیز پکوڑے
اجزا بینگن دو عدد،پھول گوبھی ایک چھوٹی،مشرومزایک کپ،آلودوعدد،پیاز دو عدد،شملہ مرچ تین عدد،میدہ دوکپ،لال مرچ ایک چائے کا چمچ،زیرہ پاوڈرایک چائے کا چمچ،نمک حسب ذائقہ،لیموں کا جوس دو کھانے کے چمچ،پانی ایک کپ، تیل، حسب ضرورت،اجینو موتو (چائینیز سالٹ) ایک چائے کا چمچ
ترکیب ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔