رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں جہاں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے ،وہیں افطار و سحری کی بھی زوروشورکے ساتھ تیاری کی جاتی ہے۔افطاری کے لیے ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہےکہ کھجور سے روزہ کھولے۔ کھجور کا ا ستعمال سنت رسولﷺ ہےاوراس کے طبی فوائد بھی بیش بہا ہیں۔ طبی ماہرین بھی کھجور کے فوائد پر متفق ہیں،کھجور کو ہمیشہ سے ہی ایک طاقت ور پھل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود قدرتی اجزا ذہنی اور جسمانی کمزوریوں کے خلاف موثر ڈھال ثابت ہوتے ہیں۔
کھجور میں آئرن،کاربوہائیڈریٹس، فائبر، شوگر، میگنیز اور پوٹاشیم ہوتا ہے جو کہ جسم کی کھوئی ہوئی توانائی بحال کرتا ہے۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رمضان میں کھجور سے افطار کرنا انتہائی صحت افزاء ہے۔ یہاں ہم آپ کو کھجور کے چند اہم ترین فوائد سے روشناس کروائیں گے۔
آنتوں کی خرابی: آنتوں میں سوزش وغیرہ جیسے امراض سے بچاؤ کے لئے کھجور کا استعمال نہایت نفع بخش ہے۔
خون کی کمی: آئرن سے بھرپور کھجور جسم میں خون کی کمی کو پورا کرنے میں نہایت معاون ہے۔ الرجی: کھجور کا حیران کن فائدہ موسمیاتی الرجی یا کسی دوائی کے ریکشن سے ہونے والی الرجی کے علاج میں ہے۔ کھجور میں سلفر کی موجودگی کے باعث یہ ہر قسم کی الرجی کے علاج میں نہایت فائدہ مند ہے۔
وزن بڑھانا: کھجورکی مٹھاس، پروٹینز اور دیگر ضروری وٹامن سے بھرپور ہوتی ہے اور یہ سب اجزاءہمارے لاغر جسم کو مضبوط و توانا بنا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایک کلوگرام کھجور میں تین ہزار کیلوریز ہوتی ہیں۔
اعصابی نظام: کھجور میں موجود پوٹاشیم انسانی جسم کے اعصابی نظام کو تقویت فراہم کرتا ہے۔
قوت قلب: کھجور کا مسلسل استعمال اور اس کی پسی ہوئی گٹھلیاں دل کے امراض سے نہ صرف نجات دلاتی ہیں بلکہ یہ قلب کو تقویت بھی پہنچاتی ہیں۔
رمضان کریم میں کھجور کا استعمال بڑھ جاتا ہے جس سے توانائی کا عمل تیزتر ہوجاتا ہے۔لہذا اس سے ناصرف مختلف ڈشز تیار کی جاتی ہیں بلکہ کھجور سے بننے والا ڈرنک صحت بخش اور فوری توانائی مہیا کرتا ہے۔ آج ہم آپ کو کجھور کو،پنیر، اخروٹ اور دھنیے کے ساتھ ذائقہ دار بنانے کا طریقہ بتائیں گے۔اس خصوصی ڈش کو تیار کرنے کی کوئی خاص مقدار نہیں ہے، تاہم آپ اپنی مرضی سے اس فارمولے کے تحت ڈش میں اضافہ کرسکتی ہیں۔اگر کھجور کی مقدار بڑھانی ہو تو پنیر، دھنیا اور اخروٹ کی مقدار بھی کھجور کے حساب سے بڑھادیں-
اجزاء کھجور 8 عدد گٹھلی کے بغیر، پنیر ¼ کپ،دھنیا باریک کٹا ہوا ایک کھانے کا چمچ،اخروٹ کُٹے ہوئے 2 کھانے کے چمچ،
ترکیب سب سے پہلے ایک برتن میں پنیر کو کچھ دیر تک چمچ سے مکس کریں تاکہ وہ گاڑھا ہوجائے، پھر اس میں دھنیا ڈال کر مکس کرلیں۔اب اس میں اخروٹ ڈالیں اور انہیں اچھی طرح یکجا کرلیں۔جب تمام چیزیں پیسٹ کی شکل اختیار کرلیں تو ایک چمچ کے ذریعے اسے کھجور میں بھر دیں۔اب چاہیں تو آپ کھجور کو تھوڑی دیر کے لیے ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں یا ٹھنڈا کیے بغیر ہی ایک پلیٹ میں سجاکر افطاری کے وقت گھر والوں کو پیش کریں۔ماہ مبارک میں افطار کے دوران کھجور کے ذائقے سے فائدہ اٹھانے کے لیے اس سے بہتر اور کوئی ڈش نہیں ہوسکتی۔