• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں بدترین ٹریفک جام، لوگ اذیت میں مبتلا، اسلام آباد کے کئی مقامات پر بھی روانی متاثر

راولپنڈی( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں منگل کوٹریفک جام رہی۔ راولپنڈی کواسلام آبادسے ملانے والی مرکزی شاہراہ مری روڈپردن بھرٹریفک کی روانی متاثررہی اورسڑک کے دونوں جانب گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔اس دوران مختلف مقامات پرکئی ایمبولینس گاڑیاں بھی ٹریفک کے رش میں پھنسی دکھائی دیں۔مری روڈ ,مال روڈ،پراناائیرپورٹ روڈ اور اندرون شہرلیاقت روڈ،اقبال روڈ، ٹیپو روڈ، کشمیر روڈ، راشدمنہاس روڈ،کچہری چوک ،راجہ بازار،فوارہ چوک ،سٹی صدرروڈاورملحقہ سڑکوں پربھی سارادن ٹریفک کا رش رہا۔ذرائع کاکہناہے کہ رواں ماہ کے شروع میں ایک سوسے زیادہ ٹریفک اسسٹنٹس کوبغیرکسی ٹریننگ کے شہرکی سڑکوں پرٹریفک کنٹرول کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جنہیں نہ توکوئی تجربہ ہے اورنہ ہی بدقسمتی سے انہیں ٹریفک کنٹرول کرنے کی کوئی ٹریننگ کرائی گئی ہے جب کہ ٹریفک وارڈنزسے پہلے ہی عوام کوشکایت تھی کہ وہ ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے ٹولیوں کی شکل میں سڑک کنارے کھڑے ہوکرگپیں ہانکتے رہتے ہیں ۔جب کہ لیاقت روڈاورمری روڈپرسالڈویسٹ منیجمنٹ کی ہیوی گاڑیاں بھی ٹریفک کی روانی میں بری رکاوٹ بن چکی ہیں لیاقت باغ سے متصل پارکنگ سے دن کے مختلف اوقات میں نکلنے والی یہ بڑی گاڑیاں جن میں دس ویلرڈمپربھی شامل ہیں اچانک سڑک پرآکرٹریفک جام کردیتے ہیں جب کہ کوڑااٹھانے کے لئے نجی ٹرانسپورٹ گاڑیاں ہائرکرکے ان کے ذریعے بھی کوڑاشہرسے باہربھیجاجارہاہے یہ ہیوی ٹرک بھی ٹریفک کی روانی کومتاثرکررہے ہیں اس کے علاوہ مال بردارگاڑیوں کے شہر میں داخلے بارے بھی ٹریفک پولیس کی پالیسی میں لچک آنے سے بہت سے ٹرک اورمنی ٹرک سڑکوں پردکھائی دیتے ہیں جب کہ بہت سی نجی فارورڈنگ کمپنیاں شہہ زورگاڑیوں میں سامان شہر کے مختلف بازاروں میں دن بھرسپلائی کرتی ہیں یہ گاڑیاں بھی ٹریفک جام رہنے کاسبب بن رہی ہیں۔ علاوہ ازیں شہرکی اکثرسڑکوں پرپارکنگ قوانین کی کھلم کھلاخلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک رواں نہیں ہوسکتی لیاقت روڈ،راجہ بازار، گوالمنڈی روڈ ،مین مری روڈ،کشمیرروڈ،اقبال روڈسمیت اندرون شہرصورت حال انتہائی خراب ہے لیکن سٹی ٹریفک پولیس اس حوالے اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام دکھائی دیتی ہےمزیدستم یہ کہ رہی سہی کسرتاجربرادری نے پوری کردی ہے اورشہرکے تمام بازاروں میں ان کے عدم تعاون کی وجہ سے ٹریفک کانظام تباہ ہوکررہ گیاہے۔ادھر نائنتھ ایونیواسلام آباد،فیض آباد،آئی جے پی روڈ پربھی ٹریفک دن بھررینگ رینگ کرچلتی رہی جب کہ بعدازاںایکسپریس ہائی وے پرنیول اینکریجانٹرچینج کے قریب ٹرک الٹنے اور روڈ پر بجری گرنے کے سبب ہیوی ٹریفک روک دی گئی۔ پولیسافسران اور سٹاف الٹنے والے ٹرک کو ہٹانے کے لیے سرگرم ہوگئے جس کی وجہ سے ایکسپریس وے پربھی ٹریفک کانظام خراب رہا۔
تازہ ترین