• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بالی وڈ اسٹار سنجے دت کے بارے میں دل چسپ معلومات

بالی وڈ کے سپر اسٹار،سنجے دت پر بننے والی فلم ’’سنجو‘‘ میں کیا کیا ہوگا، یہ تو ابھی ہم ٹریلر اور ٹیزر سے ہی جان پائیں ہیں، لیکن کچھ باتیں جو ہم جانتے ہیں وہ آپ کو بھی بتاتے ہیں۔ سنجے دت بھارتی فلموں کی سپر اسٹار ’’نرگس‘‘ کے لاڈلے اور اسٹار پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور سیاست دان سنیل دت کے شہزادے ہیں۔ سنجے دت کی ’’مدر انڈیا‘‘ کا انتقال سنجے دت کی بہ طور ہیرو پہلی فلم ’’راکی‘‘ کی ریلیز سے چند دن پہلے ہی ہوا ، گھر میں والدین سپر اسٹار ہوں،ساری فلم انڈسٹری کی رونق گھر پر سجتی ہو تو بچوں کے بگڑنے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔ ایسا ہی سنجے دت کے ساتھ ہوا،جو بہت کم عمری میں ہی سگریٹ اور بعد میں ڈرگز کے عادی بن گئے۔فلم ودھاتا میں بھی سنجے کا بچپن شراب پیتا ہے، جس کے بعد اس کے دادا اس بچے کی پرورش کے لیے اس سے عیاشی دور کردیتے ہیں۔سنجے دت کا کہنا ہے کہ انھوں نے دنیا کا ہر نشہ چکھا، لیکن بعد میں وہ اس کے عادی ہوگئے، یہاں تک کہ انھوں نے کئی فلموں کی شوٹنگ میں بھی نشے کی حالت میں حصہ لیا۔ سنجے اپنی ماں کے زیادہ قریب رہے۔ ان کا نام بھی نرگس نے ہی رکھا تھا،لیکن سنیل دت جو اپنی شرافت کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں ایک مثال تھے، نے اپنے بیٹے کی وجہ سے بڑی مشکلات دیکھی۔ سنیل نے ہی انھیں منشیات کے علاج کے لیے امریکا بھجوایا تھا۔ سنجو نے پہلی سگریٹ نو سال کی عمر میں پی۔ سنجو کی تعلیمی لائف صرف انٹر تک محدود رہی، کیوں کہ وہ گریجویشن مکمل نہیں کرپائے۔سنجو کا پہلا بڑا افیئر راکی کی ساتھی اداکارہ ٹینا منیم سے ہوا، جو کافی عرصہ رہا،بعد ازاں سنجو کی ڈرگز کی وجہ سے ٹینا نے انھیں چھوڑ دیا۔ سنجو اتنی ڈرگز لیتے تھے کہ دو دو دن تک نشے کے زیر اثر سوتے رہتے تھے۔ بعد میں انھوں نے ہمت کی اور علاج کے لیے امریکا چلے گئے ۔

سنجو کی زندگی میں پھر کمی کاٹکر،منداکنی،مادھوری جیسی ان گنت محبوبائیں آئیں۔ سنجو نے تین شادیاں کیں ، جن کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ پہلی ریچا شرما،دوسری ریہا پلائی اور تیسری مانیتا دت سے،کچھ ذرائع سنجے دت کی پہلے ٹینا اور بعد میں مادھوری سے شادی کا بھی کہتے ہیں، لیکن ان کے بارے میں ثبوت کم اور باتیں زیادہ ہیں۔ سنجو نے سلمان خان سے بھی پہلے فلم انڈسٹری میں باڈی بلڈنگ متعارف کرائی، بعد میں سلمان خان اپنے آئیڈیل سنجو کو فالو کرتے ہوئے اس ٹرینڈ کو بہت آگے لے گئے۔سلمان اور دیگر فینز سنجو کی باڈی ہی نہیں ان کے لمبے بالوں کے بھی دیوانے تھے۔سلمان نے بڑی کوشش کی کے لمبے بال ان پر جچے، لیکن جسم بنانے میں سنجو پر بازی لے جانے والا ان کا شاگرد لمبے بالوں میں کبھی اپنے استاد سے جیت نہیں سکا۔ سنجو کو بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ فلم ’’واستو ‘‘ سے ملا۔ نام ،کھل نائیک،منا بھائی،ساجن اور مشن کشمیر وہ فلمیں ہیں، جن میں اداکاری پر سنجو کو ایوارڈ نہ دینے پر فلم فیئر پر بڑی تنقید بھی ہوئی تھی۔ دل چسپ بات یہ کہ سنجے دت کے کیریئر کو ان دو فلموں نے بڑا سہارا دیا جو در اصل ان کے لیے نہیں بلکہ کمار گورو اور پوجا بھٹ کے لیے بنائی گئی تھی،لیکن سنجے دت کو ’’نام‘‘ میں کمار گورو سے اور سڑک میں پوجا بھٹ سے زیادہ توجہ ملی۔

بالی وڈ اسٹار سنجے دت کے بارے میں دل چسپ معلومات

یلغار وہ فلم تھی، جس کے دوران سنجے دت کی دوستی انڈر ورلڈ سے شروع ہوئی ، جس کی وجہ سے ان کو جیل ہوئی۔انہوں نے جیل میں کاغذ کے لفافے تک بنائے ،ان کو دن میں پچاس روپے روز کے ملتے تھے۔جیل میں اپنی محنت کی بچنے والی کمائی بعد میں اپنی بیوی مانیتا دت کو تحفے میں بھی دی۔ یہیں پر سنجے دت کی نان اسٹاپ زندگی کی کہانی پر فل اسٹاپ لگا کر ان کی زندگی پر بننے والی فلمی کہانی’’سنجو‘‘ کے ٹریلر پر جمپ کرتے ہیں۔

میں شرابی ہوں،ٹھرکی ہوں،ہیروئنچی ہوں سب کچھ ہوں، لیکن ٹیررسٹ نہیں ہوں۔یہ لائن ختم ہوتے ہی اپنے تھانے میں شیر ‘‘تھانیدار‘‘ کا ایک سوال آتا ہے’’آپ کے پاس اے کے 56تھی‘‘؟بگڑا ہوا شہزادہ ،اسٹار کڈ ، اور سپر اسٹار سہم کر جواب دیتا ہے ’’نہیں سر‘‘جس پر اسے ایک زناٹے دار دار تھپڑ پڑتا ہے وہ ’’تھپڑ ‘‘جس کی گونج’’ سنجو ‘‘کا ٹریلر دیکھنے والا ہر آدمی محسوس کرتا ہے۔ اس ٹریلر کو دیکھنے والوں کے ساتھ بھی وہی ہوا، جو فلم کا ٹیز ردیکھنے والوں کے ساتھ ہوا تھا۔یعنی جس نے ٹریلر دیکھا، وہ ٹریلر کا ہی ہوگیا۔ سنجوکا ٹریلر فلم کے ٹیزر کی طرح ہی منفرد اور دیکھنے والے کو اپنے گرفت میں لے لیتا ہے، لیکن ٹریلر ٹیز رسے کہیں گنا زیاد ہ بولڈ،سخت، سنجیدہ اور اوپن ہے۔ ٹریلر نے فلم کے کئی راز کھولے بھی ہیں، کئی پرشاید اور پردے ڈال دیے ۔

بالی وڈ اسٹار سنجے دت کے بارے میں دل چسپ معلومات

لاڈلے سنجو نے اپنے باپ فلم اسٹاراور فلم میکر سنیل دت اور ماں سپر اسٹار نرگس کی وجہ سے ’’ڈرگز‘‘ کیوں لی ؟ڈرگز میں مزا کتنا کم اور سزا کتنی زیادہ ہے؟ ان سوالات کی جوابات ٹریلر میں راجکمار ہیرانی نے رنبیر،پاریش راول اور منیشا کوئرالہ کے تاثرات ،ایکٹنگ اور مکالموں سے دلوائے ۔اپنی ماں کو اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے پہلے کھونے والا سنجو آج تک نہیں سنبھل سکا۔ آخر ماں بھی وہ تھی، جسے سب ’’مدر انڈیا‘‘ کہتے تھے اور مانتے تھے۔ ماں باپ کے کردار کی جھلک ختم ہوتے ہی اسکرین پر اپنی کہانی لکھوانے والے سنجو کے سامنے انوشکا بیٹھی ہوئی ہوتی ہیں، جو اس فلم میں رائٹر یا صحافی کا رول کر رہی ہیں۔انوشکا نے راجکمار ہیرانی کی ہی’’ پی کے‘‘ میں بھی ٹی وی جرنلسٹ کا کردار ادا کیا تھا، جسے سرفراز دھوکہ نہیں دیتا۔یہاں بھی سنجو اپنی تیسری اور موجودہ بیوی یعنی مانیتا (دیا مرزا ) کے سامنے انوشکا کو اپنی پوری اسٹوری کھل کر بتارہا ہوتا ہے، یہاں تک کہ اپنی تین سو سے زائد گرل فرینڈز کی تعداد بھی، جو سنجو کی زندگی میں اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہوتی جتنا بڑا پرابلم ایک ’’اے کے 56رائفل‘‘ کردیتی ہے۔ گرل فرینڈز تو ساری آئی اور گئیں، لیکن ایک دوست تھا، جو ہمیشہ سنجو کے ساتھ رہا، اسٹار ڈم سے پہلے بھی اور اسٹار ڈم کے بعد اور سب مشکلات میں اس دوست کا کردار ’’وکی کوشل ‘‘ نے ادا کیا ہے ۔یہ کردار سنجے کے بچپن کے دوست، ’’کمار گورو‘‘ کا ہے۔ دوستی کے بعد ’’انڈر ورلڈ ‘‘ کی انٹری ہوتی ہے، جس نے ایک بار پھر سنجے کی زندگی بدل کر رکھ دی۔آج کے ممبئی اُس وقت کے ’’بمبئی ‘‘کے حساس ترین دور میں اِس سپر اسٹار کو بھرم بازی میں’’ انڈر ورلڈ‘‘ والوں سے دوستی اور ان کا ’’اسلحہ ‘‘ رکھنا کتنا مہنگا پڑا؟ پریس والے اس اسٹار کے پیچھے کیوں پڑتے ہیں؟ اسٹار سے سیاستدان بننے والے اونچے قد کے سنجو کے بابا کو کو کس کس کے سامنے جھکنا پڑا؟ جیل میں کیا کیا ہوا ؟اس ساری کہانی کی جھلکیاں ٹریلر نے دکھائیں، لیکن پوری کہانی کے لیے فلم کا بے چینی سے انتظار کرنا ہوگا۔ اچانک ٹریلر میں محبت کا فلیش بیک آتا ہے، ابھی محبت پھولوں سے رنگین ہوتی ہے کہ ڈرگز کا دھواں اس پیار عشق اور محبت کوکالا کردیتا ہے۔باتھ روم میں رنبیر اور سونم کا’’ منگل سوتر‘‘ کا سین انتہائی’’ شدت‘‘ کا ہے اور زبردست فلمایا گیا ہے ۔ یہ منظر بتاتا ہے کہ ڈرگز انسان کو جہاز کی طرح اڑا کر کتنا نیچے پھینکتے ہیں کہ انسان اپنی شرم و حیا تو بھولتا ہی ہے۔ سونم نے غالباسنجے دت کی پہلی فلم کی ہیروئن اور ان کی محبت ٹینا منیم کا کردار ادا کیا ہے۔وہی ٹینا منیم اب ٹینا امبانی ہیں۔

سنجو کے ٹریلر کی کتاب میں ابھی تک سب ٹائٹل بھدے نہیں، لیکن بولڈ تھے ،کڑوے تھے ، سچ تھے، مگر اب ایک ایسا ٹائٹل آتا ہے جس پر سوالیہ نشان بھی ہے اور وہی فلم کی کہانی کی بنیاد بھی۔ ٹیررسٹ اور بم بلاسٹ سے تعلق کے الزام میں سخت ٹرین قانون میں سنجو کو جب گرفتار کیا جاتا ہے، تو ایئر پورٹ پر چھوٹے قد کے پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے اور لمبے سیاہ سائے اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اس سپر اسٹارکے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو ایک دہشت گرد کے ساتھ وہاں کی جیل میں کیا جاتا ہے، چاہے یہ اسٹار اپنا گناہ قبول کرے یا نہیں، وہاں کی پولیس اور پریس اسے ٹیررسٹ مان چکی ہے۔سنجو کی زندگی کی سانپ سیڑھی کی کہانی میں رنگ جتنے بھی ہوں، اس فلم میں باپ بیٹے اور ایک دوست کی کہانی کو سب سے زیادہ فوکس رکھا گیا ہے۔اب سب کو انتظار ہے، بڑے پردے پر بڑے اسٹار کی پوری فلمی کہانی کا، یہ انتظار ختم ہوگا 29جون کو، جب فلم ریلیز ہوگی۔

تازہ ترین
تازہ ترین