صرف سیلیبرٹیز ہی نہیں بلکہ اکثر خواتین جہاز کے سفر کے دوران اپنی خوبصورتی اور جِلد کی تازگی بحال رکھنے کی فکر میں رہتی ہیں۔ ہوائی جہاز کے سفر کے دوران ماحول اور موسم کی تبدیلی آپ کے میک اپ پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔ اسی وجہ سے بیشتر خواتین کو یہی فکر لاحق رہتی ہے کہ جب وہ جہاز سے باہر نکلیں گی تو کیسی لگ رہی ہوں گی۔
انہی وجوہات کے پیشِ نظر میک اپ ماہرین اور ڈرماٹولوجسٹ نے ’اِن فلائٹ‘ میک اپ متعارف کروایاہے،جسے سیلیبرٹیز نے ہاتھوں ہاتھ لیا ہے کیونکہ ان کا زیادہ تر وقت جہاز کے سفر میں ہی گزرتا ہےاور دورانِ سفر تھکن کے باعث میک اپ خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ جہاز کے سفر پر جانے والی خواتین کی یہ مشکل آج ہم کسی حد تک کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
سفر کی تیار ی
آپ کامیک اپ بیگ ایسا ہو جس میں آپ کے میک اپ کی تمام ضروری اشیاسماسکیں۔ ایسا بیگ ٹھیک رہے گا، جس میں چھوٹی بڑی پاکٹس اور زپ لاک ہوتے ہیں کیونکہ اس میں میک اپ کا سارا سامان آسانی سے رکھا جاسکتا ہے۔ بیگ میںفیس واش، شاور جیل، شیمپو اورہیئر میک اپ کی روزمرّہ استعمال ہونے والی چیزیں ہونی چاہئیں، اس کے علاوہ ضروری استعمال کی دیگر اشیا جیسے کہ برشز، پنز، باڈی اسپرے، لوشن وغیرہ رکھنانہ بھولیں۔
موئسچرائزنگ
سفرسے ایک رات قبل موئسچرائزر ضرور لگائیں۔ یہ ہوائی سفر کے دوران جلد کو ہائیڈریٹ یعنی نمی سے بھرپور رکھنے میں مدد دے گا اور جلد کو خشکی سے بچائے گا۔ جہاز میں کیبن پریشر کی بدولت جلد میں عموماً ڈی ہائیڈریشن ہوجاتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ سفر سے بارہ گھنٹے قبل چہرے اور ہاتھوں پر اچھی طرح موئسچرائزر لگا لیا جائے۔
فاؤنڈیشن
جس روز آپ نے سفر کرنا ہو اس دن فاؤنڈیشن نہ لگانا ہی بہتر ہے، صرف موئسچرائزر ہی استعمال کریں۔ ایک اچھا اور معیاری موئسچرائزر آپ کی جلد کوترو تازگی کا احساس دے گا۔ اگر آپ فاؤنڈیشن لگانا کسی صورت ترک نہیں کرسکتیں تو چہرے پر اس کی جگہ پریمر لگالینا بہتر ہے۔ سیلیکون والے مائع یا کریم پریمر کی ایک ہلکی سی تہہ جلد اور میک اپ کے درمیان حفاظتی تہہ کا کام انجام دے گی۔ پریمر کے بعد آپ چاہیں تو اپنی پسند کا فاؤنڈیشن استعمال کرسکتی ہیں۔ اس طریقے سے لگایا جانے والا فاؤنڈیشن لمبے عرصہ تک برقرار رہتا ہے اور گرمی یا گرم موسم کی شدت سے بہتا نہیں ہے۔ اس کے علاوہ جلد کو ڈی ہائیڈریٹ ہونے سے بھی بچاتا ہے۔
شمر کا استعمال
دوران سفر تھکاوٹ کا احساس بڑی جلدی حاوی ہونے لگتا ہے، چہرہ مرجھانے اور تازگی دھیرے دھیرے ختم ہونے لگتی ہے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ پورے سفر کے دورا ن خواہ وہ کتنے ہی گھنٹوں کا کیوں نہ ہو، آپ کا چہرہ تروتازہ ہی لگے تو شمر(Shimmer) کا استعمال ضرور کریں۔ یہ کریم اور پاؤڈر دونوں ہی صورتوں میں اسکن ٹون کے مطابق لگایا جاسکتا ہے۔ رخسار کے اُوپری حصّہ پر، ناک کی اُبھری ہوئی ہڈی اور ہونٹوں پر شمر کا ایک اسٹروک ساری تھکاوٹ کو دور کردیتا ہے اور آپ کا چہرہ چمکتادمکتا نظر آتا ہے۔
لپ اسٹک اور لپ بام
جہاز کے سفر کے دوران دیرپا رہنے والی لپ اسٹک کا استعمال نہ کرنا ہی بہتر ہوتا ہے۔ یہ صرف منہ کو ڈی ہائیڈریٹ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرے گی۔ اس کی جگہ لپ اسٹین کے دوتین کوٹ لگاکر لپ گلوس لگالیا جائے تو پورے سفر میں ہونٹ ترو تازہ رہتے ہیں۔ دوران سفر لپ بام کا استعمال بھی بہترین ثابت ہوتا ہے۔ شدید گرمی یا بہت زیادہ ٹھنڈی جگہ پر لپ اسٹک کی وجہ سے ہونٹ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوجاتے ہیں، ایسی صورت میں لپ بام کا استعمال بہترین نتائج دیتا ہے۔
آئلی جلد
آئلی جلد کی حامل خواتین Blotting یا Rice پیپر کو اپنے ہمراہ رکھیں اور وقتاًفوقتاًیا پھر ضرورت محسوس ہونے پر چہرے کے ’’T‘‘ زون کو ہلکے سے پونچھتے رہیں۔ ان پیپرز کی مدد سے اضافی چکنائی صاف کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ چہرے سے موئسچرائزر صاف نہیں ہوپائے گا۔
نیند ضرورلیں
سفر طویل ہو تو نیند لینا بے حد ضروری ہے ورنہ آنکھوں کے اردگرد کا حصہ سوج جاتا ہےاوراس میں سرخی آنے لگتی ہے۔ اس کے علاوہ سفر میں مسلسل فلمیں دیکھنے، موبائل فون استعمال کرنے یا مطالعہ سے آنکھیں تھکنے لگتی ہیں۔ ایسی صورت میں آپ کے میک اپ بیگ میں ’’آئی ڈراپس‘‘ کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ یہ آئی ڈراپس آپ کی آنکھوں کی تھکن کو دور کرتے ہیں۔
مسکارا
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آنکھیں تھکی ہوئی اور بے کشش لگنے لگتی ہیں۔اس لیے سفر کے دوران مسکار ا نہ ہی لگائیں تو بہتر ہے۔