اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ آج ’’پرویز مشرف کی جانب سے جاری کئے گئے این آر او کے اجراء سے قومی خزانے کو ہونے والے بھاری نقصان‘‘ کے حوالے سے آئینی درخواست کی سماعت کریگی۔ این آراومقدمے میں پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے سپریم کورٹ میں بیان حلفی جمع کرادیا ہے۔ پیر کے روز جمع کروائے گئے ایک صفحے کا بیان حلفی میں آصف علی زرداری نے بیان کیاہے کہ میں حلفاًکہتا ہوں کہ پاکستان سے باہر میری کوئی منقولہ یا غیر منقولہ جائیداد نہیں ہے ، کوئی بنک اکائونٹس پاکستان سے باہر نہیں اور اس بیان حلفی میں جو بات کی ہے اس پر قائم ہوں ،یہ بیان حلفی اس مقدمہ میں آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے جمع کروایا ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ کرے گا۔ یہ بھی یاد رہے کہ یہ درخواست سید فیروز شاہ گیلانی نے دائر کی ہے۔