دھوپ کے گھٹتے بڑھتے سائے میں خزاں رُت کیا گُھلی کہ ہر شجر پر سُکوت سا طاری ہوگیا۔ایسے میں ہوا کی سرسراہٹ اورزرد، نارنجی پتّوں کی چرمراہٹ کے ساتھ اِک بے نام سی اُداسی کا رقص جاری ہے۔ لیکن…ایک بات تو طے ہے کہ جب بات پہناووں کی ہو، تو ساری اُداسی چھوڑ چھاڑ، شوخ و شنگ، گہرے، اُجلے رنگوں سے مزیّن پیراہنوںکے انتخاب ہی کو ترجیح دی جاتی ہے۔پھر، رواں سال موسمِ خزاں کے لیے جن رنگوں کو آئیڈیل قرار دیا گیا،اُن میں بھی گہرا سُرخ،گہرا نیلا،تیز زرد،اولیو، رسٹ اورنج، الٹرا وائلٹ اور تیز گلابی شامل ہیں۔گویا زرد موسم کو خُوب شوخ وشنگ کرنے کا پورا انتظام ہے۔ تو لیجیے، اس بار ہم نے بھی اپنی بزم کچھ ایسے ہی کِھلے کِھلے،گہرے اُجلے رنگوں کےجدید انداز پیراہن ہی سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے تو، خُوب صُورت ماڈل جوڑے نے سیاہ اور سبز رنگوں کے کس قدر حسین ملبوسات زیبِ تن کیے ہیں۔فی میل ماڈل کا سیاہ اور بیج کے کامبی نیشن میں اسٹرائپڈ غرارہ سبز رنگ لانگ پرنٹڈ قمیص کے ساتھ خاصا منفرد لُک دے رہا ہے، تو میل ماڈل کا بھی سیاہ شلوار قمیص کے ساتھ کنٹراسڈ ویسٹ کوٹ کچھ کم اسٹائلش نہیں لگ رہا۔پھر ایک جانب سفید رنگ خُوب صُورت چُوڑی دار پاجامے، قمیص کے ساتھ بسکٹی رنگ ویسٹ کوٹ کا انداز ہے، تو فی میل ماڈل کے نارنجی رنگ ٹراؤزر کے ساتھ پرنٹڈ قمیص، دوپٹے کا انتخاب بھی کم حسین نہیں۔ میل ماڈل کے ایک انداز میں فالسئی رنگ قمیص کے ساتھ، سفید پاجامے کا کامبی نیشن اچھا لگ رہا ہے، تو خاتون ماڈل نے بھی پستئی رنگ میں خاصا اسٹائلش سا لباس زیبِ تن کر رکھا ہے۔ سفید اور نیلے رنگ کی ہم آہنگی میں چُوڑی دار پاجامے، قمیص کا انداز بھلا ہے، تو فی میل ماڈل کے گلابی رنگ ٹراؤزر کے ساتھ شوخ رنگوں کی پھول دار قمیص کے بھی کیا ہی کہنے۔ میل ماڈل کے سفید رنگ لباس کے ساتھ سندھی اجرک کا انتخاب عمدہ ہے،توفی میل ماڈل کا فیروزی رنگ پلازو کے ساتھ پرنٹڈ قمیص کا انتخاب بھی کم خُوب صُورت نہیں۔
کہیے، انھیں دیکھ کر بےاختیار ہی دِل نہیں کہہ اُٹھا؎’’دِکھلا رہے ہیں، خزاں میں بہار کا رنگ…‘‘