• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

برِصغیر کی فلموں میں فن کاروں کے ’’ڈبل کردار‘‘

پاکستان اور بھارت میں فلمیں تو بہت بن رہی ہیں اور وہ باکس آفس پر کام یابیاں بھی سمیٹ رہی ہیں، لیکن ان فلموں کے کردار عوام میں مقبول نہیں ہورہےہیں، جس طرح ماضی میں برِصغیر پاک و ہند کی سپر ہٹ فلموں کی طرح اُن میں شامل مختلف کردار بھی فلم بینوں کے دلوں میں گھر کر جاتے تھے۔ آج کی فلموں میں سے مزدور، کسان، یونین لیڈر، قلی، رکشہ ڈرائیور، اسٹوڈنٹس لیڈر، تانگے والا اور گھر کے نوکر وغیرہ کے کردار دیکھنے کو نہیں ملتے، البتہ ڈبل کرداروں کی روایت فلم انڈسٹری میں آج بھی قائم ہے۔ برصغیر میں صفِ اول کے فن کاروں نے بھی فلموں میں ڈبل رول ادا کیے۔ بالی وڈ میں دلیپ کمار سے ورون دھون تک اور پاکستان میں محمد علی سے دانش تیمور تک ،یہ سلسلہ جاری ہے۔

آج ہم برصغیر پاک و ہند کے چند مشہور فن کاروں کا ذِکر کریں گے، جنہوں نے مختلف فلموں میں ڈبل رول کیے اور انہیں فلم بینوں نے بے حد پسند بھی کیا۔ سب سے پہلے پاکستانی فن کاروں کی بات کریں گے۔ پاکستانی فلموں کے سپر اسٹار محمدعلی نے فلم انڈسٹری کو ان گنت یادگار فلموں سے نوازا۔ انہیں فلم ’’ راجا جانی،آنسو بن گئے موتی‘‘ اور ’’میرا گھر میری جنت‘‘ نامی فلموں کے ڈبل کردار وں میں بے حد پسند کیا گیا۔ اسی طرح پاکستانی فلموں میں پانچ دہائیوں تک حکم رانی کرنے والے سپر اسٹار ندیم نے بھی کئی فلموں میں ڈبل کردار ادا کیے۔ فلم ’’ہم دونوں‘‘اور’’ سنگدل‘‘ میں انہیں ڈبل کرداروں میں سراہا گیا، جب کہ ’’جلتے سورج کے نیچے‘‘ میں انہوں نے بہ یک وقت تین کردار ادا کرکے فلم بینوں کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ اداکار کمال نے بھی پُرانی’’ہم دونوں‘‘ اور ’’گھر داماد‘‘ میں ڈبل کردار کیا تھا، جب کہ اداکار شاہد نے فلم ’’بہت خُوب‘‘ میں چار روپ اختیارکیے۔ مصطفیٰ قریشی، ’’جیوا‘‘ اور ’’بارود کی چھاؤں‘‘ میں ڈبل کردار میں نظر آئے۔ 

منور ظریف نے ’’نمک حرام‘‘ میں ڈبل کردار ادا کیا، جب کہ رنگیلا نے پردہ نہ اٹھائو، دل اور دُنیا، دو رنگیلے وغیرہ میں ایک سے زیادہ کردار ادا کیے۔ انہوں نے ہر روپ میں حقیقت کا رنگ بھرا۔ ماضی کی فلموں میں چاکلیٹی ہیرو کا خطاب پانے والے وحید مراد کی شہرت اور مقبولیت میں آج بھی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے، ان کے پرستاروں نے ان کو زندہ رکھا ہوا ہے، وحید مراد فلم ’’ہل اسٹیشن‘‘دولت اور دُنیا، مستانہ ماہی اور ناگ منی وغیرہ میں ڈبل کردار میں نظر آئے۔ انہوں نے رومانوی کرداروں سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ پنجابی فلموں کے بے تاج بادشاہ سلطان راہی کے نام اور کام سے کون واقف نہیں۔ انہوں نے جتنی بڑی تعداد میں فلموں میں کام کیا، وہ ایک ایسا ریکارڈ ہے، جسے آج تک کسی نے نہیں توڑا۔ سلطان راہی نے بھی کئی فلموں میں ایک سے زیادہ کردار ادا کیے۔ فلم زرق خان،فقیریا،سادھو اور شیطان‘‘ وغیرہ میں انہیں بہ یک وقت مختلف روپ میں پسند کیا گیا۔ مزاحیہ اداکار لہری کو فلم ’’دل میرا دھڑکن تیری‘‘ میں دہرے کردار میں سراہا گیا۔ اداکاروں کی طرح اداکارائوں نے بھی کئی فلموں میں ’’ڈبل کردار‘‘ خوب صورتی سے ادا کیے۔ پاکستان فلم انڈسٹری پر کئی برس راج کرنے والی اداکارہ بابرہ شریف کو کون نہیں جانتا۔ بابرہ شریف نے فلم ’’سلاخیں‘‘ میں ڈبل کردار نبھایا، اس کے علاوہ انہوں نے مِس ہانگ کانگ، شبانہ، بیٹی وغیرہ میں بھی مختلف روپ میں جان دار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ 

بابرہ شریف کو آج بھی فلم بین یاد کرتے ہیں اور انہیں پھر سے سلور اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اداکارہ شمیم آرا نے فلموں میں اداکاری کے علاوہ بہ حیثیت ہدایت کارہ بھی خوب نام کمایا۔ انہوں نے مختلف ہیروز کے ساتھ سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ’’ہمراز‘‘ میں انہوں نے ڈبل کردار کرکے فلم بینوں سے داد سمیٹی۔ پاکستانی فلموں میں سلطان راہی اور انجمن کی جوڑی بہت مقبول ہوئی۔ فلم ’’دُلاری‘‘ میں انجمن نے ڈبل رول ادا کیا۔ محمد علی اور زیبا کی جوڑی بھی فلموں میں مثالی رہی۔ زیبا بیگم نے فلم ’’پرچھائیں‘‘ اور ’’چوری چوری‘‘ میں ڈبل کردار ادا کرکے فلم بینوں کے دل جیتے۔ پاکستانی فلموں کی پہلی ہیروئن کا ٹائٹل رکھنے والی منجھی ہوئی اداکارہ صبیحہ خانم نے ’’پاک دامن‘‘ اور ’’مسکراہٹ ‘‘میں بہ یک وقت دو مختلف کردار نبھائے۔ اداکارہ رانی کو کون فراموش کرسکتا ہے۔ انہوں نے درجنوں فلموں میں یاد گار کردار ادا کیے۔ انہیں فلم ’’ناگ منی‘‘ اور ایک گناہ اور سہی میں ڈبل کرداروں میں پسند کیا گیا۔ ان کی جان دار اداکاری نے ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھرا۔

پاکستانی فلموں کی ماضی کی سپر اسٹار شبنم کا نام ہی کافی ہے۔ وہ آج 70برس کی عمر میں بھی اپنے مداحوں سے داد و تحسین وصول کررہی ہیں، وہ جب بھی پاکستان آتی ہیں، پرستار انہیں اپنی بے پناہ محبتوں سے نوازتے ہیں۔ ان دنوں وہ پاکستان میں ٹی وی ڈراموں کی شوٹنگ میں حصہ لے رہی ہیں۔ شبنم اور ندیم کی جوڑی سلور اسکرین پر طویل عرصے تک رنگ بکھیرتی رہی۔ انہوں نے فلم ’’آبرو‘‘ میں ڈبل رول ادا کرکے اپنے پرستاروں سے داد و تحسین وصول کی۔ اداکارہ ممتاز آج کل کینیڈا میں رہتی ہیں، لیکن اس کے باوجود فلم انڈسٹری سے باخبر رہتی ہیں۔ ممتاز نے پاکستان کے سپر اسٹارز کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے فلم ’’خوشبو‘‘ میں ڈبل کردار کرکے فلم بینوں کو خوش گوار حیرت میں ڈال دیا تھا۔

کئی برسوں کے وقفے کے بعد ہدایت کار یاسر نواز نے نئی نسل کے ہیرو دانش تیمور سے فلم ’’رانگ نمبر‘‘ میں ڈبل کردار ادا کروائے۔ دانش تیمور نے دونوں کرداروں میں خوب رنگ جمایا۔ نئے فن کاروں کے لیے ڈبل کردار نبھانا اتنا آسان نہیں تھا، لیکن دانش تیمور نے عمدہ پرفارمنس سے اپنے کرداروں کو یاد گار بنایا۔

اب ہم بالی وڈ کے چند مشہور اداکاروں کا ذکر کریں گے۔ جنہوں نے بھارتی فلموں میں ایک سے زیادہ کردار نبھائے۔ کبھی وہ ہم شکل بھائیوں کے روپ میں نظر آئے، تو کبھی وہ باپ بیٹوں کے کرداروں میں سامنے آئے۔ دلیپ کمار کی سپر ہٹ فلم ’’رام اور شیام‘‘ تو سب کو یاد ہوگی، انہوں نے شان دار انداز میں دو مختلف کردار نبھائے۔ سلمان خان نے فلم ’’کرن ارجن‘‘ جڑواں اور پریم رتن دھن پایو، میں ڈبل کردار ادا کیے، اسی طرح عامر خان نے سپر ہٹ فلم ’’دھوم تھری‘‘ میں ایک سے زیادہ کردار نبھائے۔ شاہ رخ ، کئی فلموں میں دل چسپ گیٹ اپ میں نظر آئے۔ کرن ارجن، ڈپلی کیٹ، ڈان، اوم شانتی اوم، راون، اور فین وغیرہ میں انہیں ایک سے زیادہ کرداروں میں سراہا گیا۔اجے دیو گن نے کئی فلموں میں ڈبل کردار ادا کیے، مگر ان کی کوئی بھی فلم کام یاب نہیں ہوسکی۔ گووند انے جب بھی ڈبل رول کیے، انہیں فلم بینوں نے پسند کیا۔ 

فلم قلی میں انہوں نے جڑواں بھائیوں کا ڈبل کردار خوب صورتی سے ادا کیا۔ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے درجنوں فلموں میں ایک سے زیادہ کردار ادا کیے۔ ان کی ڈبل کردار وں والی فلموں میں ڈان، مہمان، قسمیں وعدے، آخری راستہ ، دیش پریمی، ستے پر ستہ، لال بادشاہ، وغیرہ شامل ہیں۔

راجیش کھنہ نے ہم دونوں اور بنارسی بابو نامی فلموں میں ڈبل کردار ادا کیے۔

نئی نسل کے فن کاروں میں ارجن کپور نے فلم اورنگزیب، اور مبارکاں میں جڑواں بھائیوں کے کردار ادا کیے۔ فلم جڑواں ٹو میں بالی وڈ کے ابھرتے ہوئے سپر اسٹار ورون دھون نے ڈبل کرداروں میں شان دار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی اداکارائوں کی طرح بھارتی حسینائوں نے بھی فلموں میں ڈبل کردار ادا کیے۔  سپر اسٹار پر یانکا چوپڑا نے فلم ’’سات خون معاف‘‘ میں ایک ساتھ دس مختلف کردار ادا کرکے سب کو حیران کردیا۔ 

بھارتی فلموں پر طویل عرصے تک راج کرنے والی نامور اداکارہ ہیمامالنی نے کئی فلموں میں ڈبل کردار ادا کیے، انہیں ’’سیتا اور گیتا‘‘ میں دہرے کرداروں میں سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔ اس طرح سپر اسٹار سری دیوی اس میدان میں کیوں کسی سے پیچھے رہتیں۔ انہوں نے ’’چالباز‘‘ میں ڈبل کردار میں عمدہ پرفامنس دی۔ بالی وڈ فلم ’’مٹی اور سونا‘‘ میں سونم (سینئر) نے یاد گار ڈبل کردار ادا کیے۔ اس فلم کے گانے بھی بہت مقبول ہوئے تھے۔ سونم نے بہ یک وقت دو مختلف لڑکیوں کے روپ اختیار کرکے فلمی شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین