• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دس سےپندرہ برس میں شوبز انڈسٹری سے منسلک ہونے والی خواتین ماڈلز اور اداکارائیں کام یابی کی سیڑھیاں چڑھتی ہوئی بالی وڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا آئی ہیں۔ان میں سے چنداداکارائیں ایسی بھی ہیں، جو اپنے کیرئیر کے عروج میں ہی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں اور آج وہ نہ صرف کام یاب فن کارہ ہیں بلکہ ’’ماں ‘‘جیسے عظیم رتبے پر فائز ہو کر اہم ذمے داریاں نبھا رہی ہیں،جن میں سپر ماڈل و اداکارہ آمنہ شیخ،سُنیتا مارشل،نادیہ حسین،سائرہ شہروز ،عائزہ خان وغیرہ شامل ہیں۔ ان سب نےنہ صرف شوبز کے میدان میں حکم رانی کی، بلکہ گھریلو زندگی میں توازن پیدا کرتے ہوئے’’ماں‘‘کے کردار کو بھی خُوب نبھایا۔

معروف ماڈل و ادکارہ سنیتا مارشل نے 2005 میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔2009 میں اداکار حسن احمد سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں اور نجی زندگی کو مکمل توجہ دینے کے لیے کچھ عرصے ماڈلنگ و اداکاری سے وقفہ بھی لیا ، بعد ازاں شوبز انڈسٹری سے دوبارہ منسلک ہوکر گھریلو اورشوبز کی زندگی میں توازن پیدا کیا۔ان کے دوبچے ہیں، بیٹا راکین اور بیٹی زینا۔ سنیتا کے مطابق ’’زندگی کے ہرمیدان میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد بچوں کی بہتر پرورش کر کے یہ اہم ذمے داری نبھانا چاہتی ہوں،کیوں کہ بچوں کی تربیت میں اہم کردار ’’ماں‘‘ کا ہوتا ہے‘‘۔ 

نئی نسل کی اداکارائیں گھر میں مثالی مائیں
عائزہ خان اور ان کی لاڈلی بیٹی

 نادیہ حسین کا شمار ملک کی نہ صرف صفِ اول کی ماڈلز میں ہوتا ہے، بلکہ وہ اداکاری ،پروڈکشن، میڈیکل اور فیشن ڈیزائننگ کے شعبوں میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ نادیہ حسین نے 19 برس کی عمر میں ماڈلنگ کاآغاز کیا۔ 2003 میں صنعت کار عاطف خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں،تاہم ماڈلنگ و اداکاری کو شادی کے بعد بھی جاری رکھا۔ان کے چار بچے،دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں،جس طرح وہ شو بز کے مختلف شعبوں میں نمایاں رہیں،بالکل اسی طرح انہوں نےگھریلو ذمے داریوں کو بھی احسن طریقے سے نبھایا۔بچوں کی سیر و تفریح کا معاملہ ہو یا اسکول کی پیرنٹس ٹیچر میٹنگ،نادیہ اپنے مصروف ترین شیڈول سے ’ماں‘کے فرائض کی ادائیگی کے لیے ضرور موجود ہوتی ہیں۔ اس حوالے سے نادیہ کا کہنا ہے کہ،’’پیشہ ورانہ زندگی یقیناً اہم ہے، لیکن میرے نزدیک بچوں کی بہتر تربیت کے لیے ماں کا ان کے معمولات زندگی میں عمل دخل ضروری ہے۔بچوں کی بہتر پرورش ہی میری زندگی کا حاصل ہے‘‘۔ 

نئی نسل کی اداکارائیں گھر میں مثالی مائیں
آمنہ شیخ، اپنی بیٹی کے ساتھ

پُرکشش ماڈل و اداکارہ آمنہ شیخ بھی طویل عرصے سے شوبز کی دنیا میں راج کررہی ہیں۔انہوں نےفلم پروڈکشن میں امریکا سے اعلی تعلیم حاصل کی۔ 2005میں وہ اداکارمُحب مرزا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ان دونوں فن کاروں نے ایک ساتھ کئی پروجیکٹس کیے، جن میں ڈراما ’’ہم تم‘‘ اور ’’میرا سائیں‘‘ شامل ہے۔ شادی کے دس برس بعد 2015میں ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی،جس کی وجہ سےکچھ عرصے کے لیے آمنہ نے شوبز سے بریک لیا۔ تاہم جلد ہی وہ ڈراموں اور ریمپ پر نظر آنے لگیں،لیکن اب وہ اکیلی نہیں بلکہ اپنی بیٹی میسا مرزا کے ساتھ سیٹ پر آتی ہیں۔آمنہ کے مطابق،’’ماں،بن کر مجھ میں احساس ذمے داری بڑھ گیا ہے۔اب میں ایک لمحہ بھی میسا کو خود سے جدا نہیں کرسکتی۔میں اسے ہر لمحہ محسوس کرنا چاہتی ہوں،کیوں کہ میسا کو ابھی مکمل توجہ کی ضرورت ہے۔ میں مثالی ماں بننا چاہتی ہوں،تاکہ بڑی ہو کر میری بیٹی اپنی ماں پر فخر کرے‘‘۔ اداکارہ و ماڈل سائرہ شہروز،معروف اداکار بہروز سبزواری کی بہو ہیں ۔وہ شادی سے قبل سائرہ یوسف خان کے نام سے پہچانی جاتی تھیں۔انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور مختصر عرصے میں ان کا شمار ٹاپ ماڈلز میں ہونے لگا۔ 2012 میں ان کی شادی شہروز سبزواری سے ہوئی۔

نئی نسل کی اداکارائیں گھر میں مثالی مائیں
سنیتا مارشل اپنے بچوں کے ساتھ

2014 میں ان کے ہاں بیٹی نورے کی ولادت ہوئی۔ کیرئیر بنانے کی لگن کے ساتھ سائرہ شہروز کے لیے بیٹی کی پرورش اول درجے پر رہی۔انہوں نے نہ صرف اپنے کیرئیر کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا، بلکہ نورے کی دیکھ بھال اور تربیت کا ذمہ بھی خود ہی اٹھایا۔اس حوالے سے سائرہ کا کہنا ہے کہ نورے کی پسندکےکھانے بنانا میری ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم چاہے سپر اسٹار ہی کیوں نہ بن جائیں بہرحال بچوں کی پرورش اورگھریلو ذمے داری ہی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔معروف اداکارہ عائزہ خان نے کیرئیر کا آغاز18 سال کی عمر میں ماڈلنگ سے کیا، بعدازاں وہ اداکاری کی طرف آگئیں۔2014 میں اداکار دانش تیمور سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔شادی کے بعد عائزہ کا شوبز چھوڑنے کا ارادہ ریت کی دیوار ثابت ہوا اور انہیں اپنے مداحوں کی خواہش پر واپس اداکاری کی طرف آنا پڑا۔

نئی نسل کی اداکارائیں گھر میں مثالی مائیں
نادیہ حسین اور ان کی بیٹی

2015 میں بیٹی حورعین اور 2017 میں بیٹے ریان کی پیدائش کے بعد ان کی فنی سرگرمیاں کچھ کم تو ہو گئیں، لیکن بہ حیثیت ماں،وہ اپنابیشتر وقت بچوں کی تعلیم و تربیت پر وقف کر رہی ہیں۔بچوں کی تربیت، ان کی اولین ترجیح ہے،اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ،’’میں نے ہمیشہ اداکاری اپنے شوق کی تسکین کے لیے کی، لیکن اب گھریلو ذمے داریاں بڑھ گئی ہیں،ٹی وی کے لیے کام بھی کررہی ہوں، لیکن اس دوران بچوں کے سارے کام میں خود ہی کرتی ہوں ۔‘‘بلاشبہ گلیمر کی دُنیا ست رنگی سہی ،اس دنیا کے شب و روز بھی روزمرہ زندگی سے مختلف ہیں ،لیکن موجودہ نسل کی کئی اداکارائیں بالخصوص’’ماں‘‘ بننے کے بعد ذمے داریوں میں بہ حسن خوبی توازن کررہی ہیں۔  

تازہ ترین
تازہ ترین