• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل رضا عابدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈسٹرکٹ سیشن جج نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر فیصل رضا عابدی کو ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا۔ جج سہیل ناصر نے کہا کہ میں کسی کی حمایت نہیں کر رہا صرف مساوی نظام کی بات کر رہا ہوں، بدقسمتی ہے کہ ہر کسی کو اپنی وردی کی پڑی ہوئی ہے، انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق 7 تو مذاق ہو گئی ہے، جس پر دل چاہا لگا دیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ یہ کیا فلسفہ ہے کہ ایسے لوگوں کو اشتہاری قرار دیدیا جاتا ہے جو تقریریں بھی کر رہے ہوتے ہیں، عمران خان اور طاہرالقادری کو بھی اشتہاری قرار دیا گیا وہ تقریریں کرتے رہے۔ جج سہیل ناصر نے استفسار کیا کہ فیصل رضا عابدی کو جس مقدمے میں گرفتار کیا گیا اس کیلئے سپریم کورٹ کے پی آر او نے خط بھیجا تھا؟پولیس پراسیکیوٹر نے بتایا کہ یہ ایک اے ایس آئی کی مدعیت میں درج کیا گیا مقدمہ ہے۔ڈسٹرکٹ سیشن جج نے کہا کہ پولیس کو اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ نظر کیوں نہیں آرہا، یہ امتیازی سلوک کیوں؟ انہوں نے کہا کہ حیرانی ہو رہی ہے کہ اسلام آباد پولیس اتنی ذمہ دار کیسے ہوگئی، یہاں تو لوگ درخواست دے دیکر مر جاتے ہیں اور کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ انکا کہنا تھا کہ روز میڈیا پر عدلیہ کیخلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپکو نظر نہیں آتا، لیکن ایک شخص سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد نکل رہا تھا اسکو گرفتار کر لیا۔ڈسٹرکٹ سیشن جج نے استفسار کیا کہ کیا فیصل رضا عابدی کو پہلے مقدمے میں گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی؟ پولیس پراسیکیوٹر نے بتایا کہ پو لیسں ٹیم گرفتاری کیلئے کراچی گئی تھی لیکن گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

تازہ ترین