کراچی (جنگ نیوز) گذشتہ کئی دہائیوں سے صحافت کے شعبے سے وابستہ پاکستان کے معروف صحافی ، تجزیہ کار، کالم نگار اور اینکر حامد میر مختصر وقفے کے بعد ایک با ر پھر کیپٹل ٹاک کے ساتھ نظر آئیں گے۔ حامد میر پیر سے معمول کے مطابق پاکستان کے سب سے مقبول پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ صحافتی حلقوں میں اُن کے جاندار تبصروں اور تجزیوں کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔ حامد میر نے اپنی صحافتی زندگی کا طویل عرصہ جنگ اور جیو کے ساتھ گزارا ہے۔ حامد میر کا شمار اُن صحافیوں میں ہوتا ہے جو صحافت پر لگنے والی پابندیوں کے خلاف ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر کی میزبانی میں حسب معمول”کیپٹل ٹاک“ پیر سے جمعرات رات 8 بجکر 5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔