• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان نے امریکی سفارتکار سے ملاقات کی تصدیق کر دی

کابل (جنگ نیوز) طالبان نے امریکی سفیر سے ملاقات کی تصدیق کر دی ہے ۔ طالبان کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے نمائندوں سے خصوصی امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی ہے ۔ طالبان کے بیان کے مطابق یہ میٹنگ 12 اکتوبر کو عرب ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئی تھی ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس ملاقات میں افغان تنازع کو پر امن طریقے سے ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ طا لبان ترجمان کا اس ملاقات کے حوالے سے مزید کہنا ہے کہ امریکی سفارت کار پر واضح کیا گیا کہ غیر ملکی فوجوں کی افغانستان میں موجودگی امن کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ اس ملاقات کے دوران فریقین نے مزید ایسی ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا ہے ۔ دوسری جانب ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتی بات چیت یا ملاقات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی ۔ امریکی سفیر نےاس ملاقات کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے، البتہ انہوں نے ایک بیان میں یہ ضرور کہا ہے کہ افغانستان کے تمام شہریوں کو چاہئے کہ وہ مصالحت کے عمل کا حصہ بنیں ۔ اس ملاقات کو امریکی اخبار نے سب سے پہلے رپورٹ کیا تھا ۔ امریکی حکام نے 4 ماہ کے دوران دوسری بار طالبان نمائندوں سے براہ راست ملاقات کی ہے۔

تازہ ترین