پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کا راستہ نہیں روکا جانا چاہیے، اللہ کے فضل سے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نےکامیابی حاصل کی ہے۔
ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں 10 ہزار200 سے زائد ووٹوں سے اپنی نشست جیت چکا ہوں، فیصل آباد اور اٹک کی نشستیں بھی مسلم لیگ ن کے حصے میں آئی ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ لاہور سے قومی اسمبلی،صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستیں جیت لی ہیں،راولپنڈی میں شیخ رشید نتائج رکوانے کی کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ غیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے 131لاہور سے خواجہ سعد رفیق 60ہزار 352ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ہمایوں اختر 50ہزار 155ووٹ لے دوسرے نمبر پر ہے۔
عام انتخابات اس نشت پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔