• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

س۔ السلام علیکم سر! میں نے ابھی اسپورٹس سائنس میں پوسٹ گریجویٹ مکمل کیا ہے۔ اب آگے میں اسپورٹس مینجمنٹ میں پی ایچ ڈی کرنا چاہتا ہوں۔ میری رہنمائی فرمائیں کہ کونسی یونیورسٹی میرے لئے بہتر ہے۔ میں آپ کا شکر گزار ہوں گا۔ (حسن عبداللہ۔اسلام آباد)

ج۔ ڈیئر حسن عبداللہ! پی ایچ ڈی یا ریسرچ کرنا ایک بہت ہی اہم اور مشکل فیصلہ ہے گوکہ اسپورٹس سائنس اور مینجمنٹ ابھرتے ہوئے شعبے ہیں۔ آپ کو اپنی اسپورٹس مینجمنٹ کی ریسرچ منتخب کرنے کیلئے بہت ہی محتاط ہونا پڑے گا تاکہ جس ادارے میں آپ کو خدمات سرانجام دینی ہیں اس میں اس ریسرچ کو آپ بہتر انداز میں استعمال کرسکیں۔ دوسری بات غور طلب یہ ہے کہ کیا آپ کوپی ایچ ڈی پاکستان سے کرناہے یا بیرون ملک سے؟ جب تک میں آپ کی مرضی نہیں جانتا میں آپ کو کوئی بھی یونیورسٹی یا ملک تجویز نہیں کرسکتا جو کہ آپ کی ضرورت پوری کرسکے۔ بہرحال میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آگے چل کے تعلیمی اسکالر شپ اور امداد کے بہت سے مواقع موجود ہوں گے۔ لیکن یہ سب کچھ آپ کے ایم ایس ای میں حاصل کردہ گریڈز، انگریزی میں مہارت اور آپ کےپاس موجود سرمایہ اور دیگر ذاتی معاملات پرانحصار کرتا ہے۔

س۔ سر! میرانام محمد دانش ہے۔ میں بی بی اے کا طالب علم ہوں اور میرا ساتواں سمسٹر چل رہا ہے۔ سر میں بینکنگ اینڈ فنانس میں ایم بی اے کینیڈا سے کرنا چاہتا ہوں۔ میرا CGPA2.8ہے۔ میری رہنمائی فرمائیں۔ (محمد دانش۔لاہور)

ج۔ ڈیئر دانش! گو کہ بینکنگ اینڈ فنانس میں ماسٹر ڈگری آپ کا صحیح انتخاب لگتا ہے؛ لیکن جو کورس آپ نے سلیکٹ کیا ہے میں وہ آپ کو تجویز نہیں کروں گا۔ بیرون ملک ایم بی اے کرنے کی کم از کم ریکوائرمنٹ تین سال کا متعلقہ تجربہ ہے اور آپ کو کم از کم CGPA 3.0چاہئے ہوتاہےجس کو حاصل کرنے کیلئے آپ کو بہت زیادہ محنت کرنی پڑے گی۔ جو کہ اگر آپ نہ حاصل کرسکے تو آپ کے پاس بہت کم یونیورسٹیوں کی چوائس رہ جائے گی جو کہ آپ کو کنیڈا میں داخلہ دے سکیں گی۔ لیکن آپ کو اس کے ساتھ IELTSیا TOEFLمیں اچھا اسکور بھی چاہئے۔ لہذا میرا مشورہ آپ کو یہ ہے کہ آپ کو ایم ایس سی یا ایم اے فنانشل مینجمنٹ یا اکائونٹنگ اینڈ فنانس کرنا چاہئے۔ بہر حال آپ کو یہ تمام باتیں اپنے ذہن میں رکھنی چاہئیں۔

س۔سر میں نے بی ایس سی (آنرز)الیکٹرونکس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے 2013میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔ یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بد قسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کرسکتیں۔ میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی، آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟(راحیلہ۔لاہور)

ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹرز مینجمنٹ میں کریںاور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب آپ کر سکتی ہیں۔ اس سے آپ کا کیریئرمینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔

س۔میری بھتیجی لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ڈاکٹر آف فزیکل تھرپی کر رہی ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ پاکستان میں اس کا کیا اسکوپ ہے تعلیمی میدان میں اس کو آگے کیا کرنا چاہئے؟کیا اسے بیرون ملک جانا چاہئے؟کیااس کے متعلقہ شعبے میں آگے بڑھنے کے امکانات پاکستان میں موجود ہیں؟میری ایک اور بھتیجی میٹرک کی طالبہ ہے اور وہ ریاضی کے مضمون میں بہت اچھی ہے کیا پاکستان میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے جہاں وہ ایکچوریل سائنس پڑھ سکے اور اس فیلڈ کا پاکستان میں کیا اسکوپ ہے؟ (عمران۔لاہور)

ج۔آپ کی بھتیجی نے ایک بہترین مضمون کا انتخاب کیا ہے اس کی مانگ بیرون ملک اور پاکستان میں موجود ہے میرا یہ مشورہ ہے کہ وہ اپناکورس مکمل کرے اور چند سال اپنے شعبے میں کام کر کے تجربہ حاصل کرے۔جس کے بعد وہ یو کے،کینیڈا،یو ایس اے میں سے کسی بھی ملک میں فزیوتھرپی کے لئے اپلائی کر سکتی ہے اور مجھے امید ہے کہ اگر وہ اچھے گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو وہ اسکالرشپ کے لئےبھی اپلائی کر سکتی ہے۔

دوسری بھتیجی کے لئے آپ لاہور کے کالجوں میں تلاش کریں اگرایکچوریل سائنس پڑھایا جاتا ہے کیونکہ مجھے شبہ ہے کہ پاکستان میں یہ ڈگری فل ٹائم نہیں کروائی جاتی۔

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

تازہ ترین