؎’’محبّت ہے…جب ہی تو کچھ بھی کہتے ہو…تمہاری سرد مہری کے سمندر میں پڑے چپ چاپ سہتے ہیں … محبّت ہے… جب ہی تو ہم پرندوں کی طرح سے لوٹ آتے ہیں…تمہاری ذات کے گنجان برگد میں…جہاں پر کوئی ٹہنی بھی … ہماری خواہشوں کو گھونسلا رکھنے نہیں دیتی…محبّت ہے…جب ہی تو ہم نے تِری یاد کا جگنو…حسین، روپہلے چہروں کی ضیا میں آج تک کھویا نہیں۔‘‘واقعی، محبّت تو جیسے تارِ عنکبوت ہے، جو ایک بار اس حسین جال میں قید ہوگیا، پھر رہائی ممکن نہیں اور اسی اسیری میں محبّت اپنے کئی رنگ، روپ دکھلاتی ہے۔ کبھی تو بیٹھے بٹھائے دِل کی دُنیا ریگستان سے نخلستان بن جاتی ہے، تو کبھی آنکھوں سے آنسوؤں کی جھڑی تھمنے کا نام نہیں لیتی۔ بہرکیف، جب چہار سُو محبّت کے رنگ بکھرے ہوں، تو پھر خود کو خُوب آراستہ و پیراستہ کرنے کو بھی جی چاہتا ہے۔ اور آپ کی اسی خواہش کی تکمیل کی ایک صورت یہ ہماری بزم بھی ہے۔
ذرا دیکھیے، سفید رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ لیمن، فون اور گہرے سرمئی رنگوں کے حسین امتزاج میں ایمبرائڈرڈ کلیوں والی لمبی قمیص کس قدر دِل آویز لگ رہی ہے، جب کہ کنٹراسٹ میں سرمئی رنگ کے دوپٹے نے تو لباس کا حُسن کچھ اور بھی بڑھا دیا ہے۔ آتشی گلابی اور اسکن رنگ کے کامبی نیشن میں پیراہن کا لُک اسٹائلش ہے، تو اسکن رنگ ایمبرائڈرڈ شرٹ پر شوخ رنگوں کے تھریڈ ورک سے مرصّع گلے اور دامن پٹی کے انداز کے بھی کیا ہی کہنے۔
پھر اسکن، فیروزی ،گہرے سرمئی اور سرخ رنگوں کے کنڑاسٹ میں دو کلیوں والی قمیص کی رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔ اس کے علاوہ ایک جانب سیاہ رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ اسکن، سُرخ اور فیروزی کے کامبی نیشن میں ایک دل آویز پہناوا ہے، تو دوسری جانب آتشی گلابی رنگ ہاف کٹ ٹراؤزر کے ساتھ ٹرکوائز رنگ قمیص پر گہرے شوخ رنگوں کے تھریڈ ورک کا تو کوئی جواب ہی نہیں۔