نئی فلم ’’چھا جارے‘‘ کی تعارفی تقریب
فلموں کے ڈائریکٹرجبران بشیر نے گزشتہ دنوں مقامی ہوٹل میں اپنی نئی فلم ’’چھا جارے‘‘ کی تعارفی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ، جاوید شیخ، اسلم شیخ، مدیحہ زیدی اور دیگر نے شرکت کی۔ فلم کی تعارفی تقریب تاخیر سے شروع ہوئی، جس کی وجہ سے میڈیا نے سخت احتجاج بھی کیا۔ فلم کی کاسٹ تقریباً 2گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ میں شوٹنگ چھوڑ کر تقریب میں شرکت کے لیے آیا ہوں۔ اس موقع پر بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ کا کہنا تھا کہ میں دوسری پاکستانی فلم میں کام کررہی ہوں۔ رواں برس عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’’وجود‘‘ میں میری اداکاری کو پاکستانیوں نے پسند کیا، اس لیے دوبارہ فلم میں کاسٹ ہوئی ہوں۔ یہ فلم دسمبر میں ریلیز ہوگی۔
عبداللہ کادوانی نے فلم بنانے کا اعلان کردیا
پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈراموں میں اپنی منفرد شناخت بنانے کے بعد باصلاحیت اور باکمال فن کار عبداللہ کادوانی نے پروڈکشن شروع کی اور درجنوں یادگار ڈرامے پیش کیے۔ ان کے سپر ہٹ ڈراموں میں مورت، ریاست، دو راہا، میری ذات ذرہ بے نشان، تم کون پیا، ہم سب عجیب سے ہیں، میرا خدا جانے، گھر تتلی کا پر، خانی اور رومیو ویڈز ہیر شامل ہیں۔ ان ڈراموں میں انہوں نے ٹیلی ویژن انڈسٹری کے صف اول کے فن کاروں کو کاسٹ کیا۔ رواں برس ان کا پروڈیوس کیا ہوا ڈراما ’’خانی‘‘ کے شان دار اختتام کے بعد دوسرا سپر ہٹ ڈراما رومیو ویڈز ہیر پیش کردیا۔ عبداللہ کادوانی نے گزشتہ ہفتے ایک ملاقات میں بتایا کہ فلم انڈسٹری کی کام یابی دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ اسی لیے میں نے ایک فیچر فلم بنانے کا پروگرام بنایا ہے۔ اسکرپٹ پر تیزی سے کام چل رہا ہے۔ اس کے بعد کاسٹ فائنل کرلیں گے۔ میری پروڈیوس کی ہوئی فلم سب سے مختلف اور دل چسپ ہوگی۔
پاکستان میں فلموں کے سیکوئل بنانے کے رجحان میں اضافہ
پاکستانی فلم انڈسٹری کے نئے جنم کے بعد اچھی اچھی خبریں سُننے کو مل رہی ہیں۔ پاکستانی فلمیں 60کروڑ سے زائد کا بزنس کررہی ہیں اور سب سے اہم اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان فلموں کی سیکوئل بھی کام یاب ہورہے ہیں۔ نوجوان ہدایت کار نبیل قریشی نے نامعلوم افراد کی شان دار کام یابی کے بعد اس فلم کا سیکوٹل بنایا،جسےزبردست رسپانس ملا۔ ان کی فلم نامعلوم افراد ٹو 2017میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس کی کاسٹ میں فہد مصطفیٰ ، جاوید شیخ، ہانیہ عامر اور عروہ حسین وغیرہ نے عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ اس فلم میں ماڈل و اداکارہ صدف کنول کا آئٹم نمبر بھی بہت پسند کیا گیا۔ دوسری جانب پروڈیوسرو اداکار ہمایوں سعید نے ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ کی غیر معمولی کام یابی کے بعد جوانی پھر نہیں آنی ٹو کا اعلان کردیا تھا۔
گزشتہ عید الالضحیٰ پر جوانی پھر نہیں آنی ٹو ریلیز کی گئی اور اس فلم نے 50کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ تازہ ترین خبریں یہ سامنے آرہی ہیں کہ ہدایت کار یاسر نواز نے’’رانگ نمبر‘‘ کے سیکوئل بنانے کی تیاری شروع کردی ہے۔ ’’رانگ نمبرٹو‘‘ کی کاسٹ میں سوہائے ابڑو کی بجائے نیلم منیر کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ فلم کی شوٹنگ آئندہ ماہ سے شروع ہوگی۔ ہدایت کار بلال لاشاری بھی ’’مولا جٹ ٹو‘‘ کی شوٹنگ مکمل کرچکے ہیں اور یہ فلم 2019 میں ریلیز ہوگی۔ پروڈیوسر و اداکار علی ظفر نے بھی ’’طیفا ان ٹریبل‘‘ کے سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ اس فلم پر تیزی سے کام جاری ہے۔