……گزشتہ سے پیوستہ……
شوبز سے وابستہ افرادکے لیے، چمکتی،دمکتی اور تیزرفتارزندگی ،جہاںکامیابی کے لیے مواقعوں کے کئی در وا کرتی ہے وہیں،ان کی ذاتی زندگی کسی حد تک متاثر ضرورہوتی ہے،چاہے وہ شادی شدہ زندگی ہو یا اعلی تعلیم حاصل کرنے کی خواہش۔گزشتہ ہفتے ہم نے کچھ ایسی ہی فنکار جوڑیوں کا تذکرہ کیا تھا جو فن کی بلندی کو چھونے میں تو کامیاب رہیں لیکن اُن کی ذاتی زندگی میں کئی نشیب و فرازآئے اورگھر ٹوٹ گئے۔اس حوالے سے زیر نظر سطور میں چند مزیدفن کار جوڑیوں کا تذکرہ نذرِ قارئین ہے:
عابد علی
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے اداکار عابد علی نے اپنے کیریئرکا آغاز ریڈیو پر صدا کاری سے کیا،تاہم ٹی وی پر اداکاری کا شوق انہیں لاہور لے گیا ،جہاں 1973میں اپنے پہلےڈراما سیریل’’ جھوک سیال‘‘ میں منفرد اداکاری سے خود کو منوایا اور اپنی پہچان بنائی۔اس ڈرامے میں ساتھی اداکارہ حمیرا چودھری نے بھی فن کا مظاہرہ کیا۔
سیریل کے اختتام کےکچھ عرصے بعد عابد علی نے حمیرا چوہدری کوجیون ساتھی بنالیا۔شادی کے بعد حمیرا چودھری نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔تین بیٹیوں کی پیدائش کے بعد ان کی زندگی میں بھی دراڑیں پڑنے لگیں،بعدازاں یہ رشتہ چل نہ سکا ہیں۔2006 میں ان میں علیحدگی ہوگئی۔کچھ عرصے بعدعابد علی نے ٹی وی اداکارہ رابعہ نورین سے شادی کر لی۔
جاوید شیخ
فلم اسٹارجاوید شیخ نےفنی سفر کا آغازریڈیو پاکستان سے کیا، پاکستانی فلم اور ٹی وی کی صنعت میں تقریباً چالیس سال گزارے ہیں۔بعدازاں ٹیلی وژن پر حسینہ معین کے ڈراموں میں بطور ہیرو مرکزی کردار بھی ادا کیے۔
1974میں فلم ’’دھماکہ‘‘ میں کام کر کے فلمی دنیا میں قدم رکھا،جس کے بعدبطور اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسرانہوں نے شوبز کی ہر جہت میں کامیابیاں سمیٹیں ۔ان کے کریڈٹ پر کئی فلمیں ہیں جنہیں پزیرائی ملی۔انہوں نے نہ صرف لالی وڈ بلکہ بالی وڈ میں بھی کام کر کے اپنی دھاک بٹھائی۔ جاوید شیخ کی شادی زینت منگی سے ہوئی،جو اُس دور میں ٹی وی اور فلم میں معاون اداکارہ کے طور پرکام کرتی تھیں ۔ زینت منگی سے بیٹی مومل شیخ اور بیٹاشہزاد شیخ ہیں ،تاہم زینت منگی سے علیحدگی کے بعدجاوید شیخ کی اداکارہ سلمیٰ آغا سے شادی کی خبریں بھی منظر عام پر آئیں تاہم دونوں اداکار ایسی خبروں کی تردید کرتے رہے۔
سلمی آغا
برطانوی شہریت رکھنے والی اداکارہ سلمیٰ آغانے پاکستانی فلموں میں منفرد گائیکی سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے بھارتی فلم ’’نکاح‘‘میں بھی اداکاری کی۔
اس فلم کے لیے انہیں فلم فیئرایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ سلمیٰ آغا 1989 میں پاکستانی اسکواش کے کھلاڑی رحمت خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، تاہم یہ شادی کامیاب نہ ہوسکی۔
سلمیٰ آغا کے رحمت خان سے دو بچے ساشا آغااورعلی آغا خان ہیں۔
زیبا بختیار
کوئٹہ سےتعلق رکھنے والی نام ور اداکارہ زیبا بختیار نے پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’’انارکلی‘‘سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا،بعدازاںبھارتی فلم ’’حنا‘‘میں مرکزی کردارادا کرکےدنیا بھرمیں مشہور ہوگئیں۔زیبا بختیار سابق اٹارنی جرنل یحییٰ بختیار کی بیٹی تھیں۔ شوبز میں آنے سے قبل ہی زیبا بختیار کی شادی ہوچکی تھی جو جلد ہی طلاق تک منتج ہوئی۔
بعدازاں جب وہ فلموں میں کام کے لیے بھارت گئیں تواداکار جاوید جعفری سے شادی اور پھر طلاق کی خبریں بھی گرم رہیں،تاہم اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔ فلم ’’سرگم‘‘کی شوٹنگ کے دوران زیبا کی ملاقات عدنان سمیع خان سے ہوئی،عدنان سمیع ٹی وی پرنہ صرف موسیقی کے پروگرام کرتے تھے بلکہ گلوکاری کے حوالے سے بھی معروف ہوئے۔ 1993 میں زیبا بختیار اور عدنان سمیع خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے ،تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی ۔ ان کا ایک بیٹا اذان خان ہے جو زیبا بختیارکے ساتھ ہی رہتا ہے۔
فیصل قریشی
فیصل قریشی نے بہت جلد پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا ہے۔ان کی والدہ افشاں قریشی بھی مشہور اداکارہ ہیں ۔فیصل قریشی نے چائلڈا سٹار کے طور پر کیرئیر کا آغاز کیا۔ابتدا میں ہی خلیل الرحمن قمر کی ڈرامہ سیریل’’بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ’’ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا،جس کے بعد ان کی کامیابیوں کا سلسلہ چل نکلا۔انہوں نے متعدد پروگراموں کی میزبانی بھی کی۔ فیصل قریشی اپنے مداحوں کا بڑا حلقہ رکھتے ہیں۔اُن کے ڈراما سیریلز کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے ہیں،تاہم ان کی نجی زندگی کئی نشیب و فراز کا شکار رہی۔فیصل قریشی کی دو شادیاں ناکام رہی ہیں ،جس کے بعدانہوں نے تیسری شادی کی، ان کی ایک بیٹی ہانش قریشی ہیں۔
نور بخاری
اداکارہ نور نے2008 میں وکرم نامی ہندو تاجرو سے دبئی میں شادی کی جو ڈرامائی طور پر اختتام پزیر ہوئی۔ نو رنے وکرم سے اسلام قبول نہ کرنے کے الزام میں 2010میں طلاق لے لی ۔بعدازاں دوسری شادی 2010میں ڈائریکٹر فاروق مینگل سے ہوئی تھی۔ نور کی فاروق مینگل سے شادی صرف 4 ماہ چل سکی ۔زدواجی زندگی میں دو بار ناکامی کے بعد نور نے تیسری شادی کا فیصلہ تحریک انصاف کے اہم رکن عون چوہدری سے کیا۔2012میں نور نے عون چودھری سے شادی کر لی،جو چند ماہ قائم رہی ،عون چودھری سے ان کی ایک بیٹی فاطمہ بھی ہے۔خلع کے بعد معروف اداکارہ نے چوتھی شادی 2015میں کلاسیکی گلوگار حامد علی خان کے بیٹے ولی حامد سے کی تاہم اس کا انجام بھی افسوسناک رہا اور فیملی عدالت کے ذریعے 2017 میں نور نے ایک بار پھر خلع حاصل کر لی۔