• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قونصلیٹ حملہ: سوہائے عزیز نے بہادری کی مثال قائم کردی


چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملنے پر خاتون اے ایس پی سوہائے عزیرکو سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ کی جانب سے شاباشی دی گئی۔

کراچی میں واقع چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملنے پر خاتون اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) سوہائے عزیر جائے وقوعہ پر سب سے پہلے پہنچنے والے پولیس افسران میں شامل تھیں، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نے انہیں شاباشی دی۔

ذرائع کے مطابق چینی قونصل جنرل کو بریفنگ کے وقت وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کھڑے ہوکر اے ایس پی سوہائے عزیز کو شاباش دی اور کہا کہ ’سوہائے عزیز! آپ نے بہادری کی مثال قائم کی ہے۔‘ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ یہ ہیں ہماری خواتین جو سب سے آگے ہیں۔


اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خاتون پولیس آفیسر اے ایس پی سوہائےعزیز کی بہادری پر اپنے ٹوئٹ میں ان کی بہادری کو سراہا ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ نے بھی سوہائے عزیز کو کاندھے پر تھپکی دی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا اس حوالے سےکہنا ہے کہ اے ایس پی سوہائے عزیز اور ایس ایچ او کلفٹن کی بروقت کارروائی سے حملہ آور پیچھے ہٹے۔

چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام ہونے کےفوری بعد وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے چینی قونصل جنرل سےملاقات کی اورکارروائی سے متعلق آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی چینی سفیر سےگفتگوہوئی جس میں وزیرخارجہ نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سیکیورٹی اقدامات سےمتعلق انہیں آگاہ کیا۔

تازہ ترین