کسی کا شعر ہے؎ جب مشکل حالات لگے…رشتے چکنے پات لگے۔ایک اور شعر ہے؎ وہ بظاہر جو کچھ نہیں لگتے…اُن سے رشتے بلا کے ہوتے ہیں۔ بلاشبہ یہ رشتے ناتے، تعلق بندھن ہی ہیں، جو بظاہر جینے کا سامان بھی ہیں اور بعض اوقات اِک ذرا سی ٹھیس ان کی شکستگی، ٹوٹ پھوٹ کی وجہ بھی بن جاتی ہے۔بہرکیف، ہر انسان کی زندگی میں کچھ نہ کچھ رشتے،تعلق ایسے ضرور ہوتے ہیں، جو نہ صرف جینے کی وجہ ہوتے ہیں،بلکہ جب وہ سنگ ہوں،تو کائنات اس قدر چہچہاتی،مُسکراتی، کِھلکھلاتی، اِٹھلاتی معلوم ہوتی ہے کہ زندگی کا ہر دُکھ، غم مِٹ سا جاتا ہے۔سو،جب بھی مَن کچھ بوجھل، اُداس سا ہو،تو آپ بھی اپنے ایسے ہی کسی پیارے، کسی سکھی سہیلی سے میل ملاقات کا اہتمام کرلیا کریں۔ پَل بَھر میں زندگی کے کینوس پر خوشیوں کے رنگ نہ بکھر گئے،تو کہیے گا۔
تو اس ہفتے اگر آپ کا بھی کسی ہم جولی کے گھر جانے کا ارادہ ہے یا پھر کہیں گھومنے پھرنے کا پروگرام ہے، تو زیبایش و آرایش کے لیے فکر مند نہ ہوں،ہماری بزم حاضرِ خدمت ہے۔ذرا دیکھیے، گلابی رنگ میں انگرکھا اسٹائل، کلیوں والی ایمبرائڈرڈ قمیص کے ساتھ غرارہ پینٹ کی ہم آمیزی کتنی بھلی لگ رہی ہے۔سی گرین بیل باٹم کے ساتھ ایمبرائڈرڈ قمیص اور نیٹ کے دوپٹے کی ندرت کمال ہے، تو بلیو جینز کے ساتھ لیونڈر رنگ قدرے چھوٹی شرٹ کے اسٹائلش لُک کے بھی کیا ہی کہنے۔پھر بلیو جینز ہی کے ساتھ براؤن رنگ میں خُوب صُورت کفتان ہے، تو سیاہ اور اسکن رنگ کے سدا بہار امتزاج میں حسین فٹڈ ٹراؤزر کے ساتھ کُرتا اسٹائل شرٹ اور دوپٹے نے تو جیسے پوری بزم کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔بے شک ؎ حُسن خود ہی پیرہن ہے، حُسن کی تصویر کا…