تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ماہ رُخ ملک
ملبوسات: زاراز بائے راشد قریشی
آرایش:سلیک بائے عینی سیلون
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
قندھار کی سرد تیز ہوائیں کیا چلیں، کراچی میں بھی چہار سُو گلابی جاڑے کا حُسن بکھر گیا، جب کہ مُلک کے دیگر حصّوں میں تو سرما رُت کے آغاز ہی سے کہیں زرد پتّوں میں لپٹے پیڑ سردی سے کپکپا رہے ہیں، تو کہیں دھند کا راج ہے، تو کہیں برفیلی ہواؤں کا۔اور ایسے میں جہاں سُنہری دھوپ سردی کا احساس کم کرتی ہے، وہیں پہننے اوڑھنے کے انداز بھی بدل جاتے ہیں۔ لیجیے، سرما کے بھیگے بھیگے دِنوں اور اندھیری شاموں کی عین مناسبت سےگرما گرم پیراہن کا ایک بہت دِل کش اور جدّت و ندرت سے بَھرپور انتخاب حاضرِ خدمت ہے۔
ذرا دیکھیے، سیاہ جینز کے ساتھ سیاہ ہی رنگ میں ڈبل بریسٹڈ کوٹ کی آمیزش کیسی جچ رہی ہے اور ساتھ کنٹراسٹ میں فون رنگ اسٹول بھی خُوب کِھل رہا ہے۔ پھر پیور یلو رنگ کےشال اسٹائل پونچو کے تو کیا ہی کہنے۔ ایک جانب سیاہ جینز اور شاٹ شرٹ کے ساتھ ایپری کوٹ رنگ کے کوٹ کی جاذبیت جوبن پر ہے، تو دوسری جانب میجنٹا رنگ، دِل کش انداز کوٹ کی شان بھی کچھ کم نرالی نہیں۔ بلیو جینز اور یلو ہائی نیک کے ساتھ سیاہ فِرل والا پونچو جداگانہ انداز لیے جلوہ گر ہے، تو یلو ہائی نیک کی منفرد انداز سیلوز پر کِھلتے سُرخ رنگ کا کوٹ بھی بہت اسٹائلش سا لُک دے رہا ہے، ساتھ ملٹی شیڈڈ مفلر کا استعمال نہایت عُمدگی سے کیا گیا ہے۔رہی بات ڈینم جیکٹ کی، تو یہ سرما رُت کا سدا بہار فیشن ہے، جس بھی پیراہن پر زیبِ تن کرلیں، جچتی ضرور ہے۔