• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم سب جانتے ہیں کہ لیونگ کورل‘کو 2019ء کے سب سے خاص رنگ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ خاص رنگ رواں برس، جہاں گھر کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا مخصوص حصہ بنا نظر آئے گا، وہیں ٹرینڈ سیٹر اس رنگ کو بطورِ خاص فیشن کا حصہ بنانے کے لیے بھی مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ شادی بیاہ کی تقریبات ہو ں یا سردی وگرمی کے ملبوسات، لیونگ کورل کا انتخاب آپ کو ٹرینڈ فالورز کی فہرست میں شامل کرسکتا ہے۔

ویڈنگ آؤٹ فٹ

چونکہ موسم سرما شادیوں کا موسم بھی کہلاتا ہے۔ لہٰذا شادی بیاہ کے ملبوسات میں لیونگ کورل کا انتخاب کرنا آپ کو دوسروں کے مقابلے میں ٹرینڈ سیٹر بنادے گا۔ گلابی اور نارنجی رنگ کے امتزاج سے بننے والا یہ خاص رنگ انسانی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس رنگ کو ماہرین محبت، تعاون اور خیال وہمدردی جیسے جذبات سے منسوب کرتے ہیں، اس لیے یہ رنگ شادی جیسے اہم دن کے طور پر بھی منتخب کیا جاسکتا ہے۔

٭آپ اگر اپنے لہنگے کے لیے روایتی رنگوں کے بجائے کچھ منفرد رنگوں کا انتخاب کرنا چاہتی ہیں تو لیونگ کورل کا شیڈ ایک بہترین عروسی لباس ثابت ہوسکتا ہے۔ پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ عائشہ خان کے عروسی لباس کی جانب غور کیا جائے تو انھوں نے بھی بارات کے اہم دن کے لیےاس رنگ کے ہلکے شیڈ کا انتخاب کیاتھا۔

٭ دوسری جانب ایمن خان نے بھی اپنی شادی کے آخری اور آٹھویں فنکشن کے لیے لیونگ کورل سے ملتے جلتے ہلکے شیڈ کی ایمبرائیڈڈ لانگ ٹیل میکسی زیب تن کی تھی۔

پارٹی آؤٹ فٹ

نئے برس پارٹی آؤٹ فٹ کے لیے لیونگ کورل ایک بہترین کلر ثابت ہوگا۔ اگر آپ اپنے عزیزواقارب کی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو ہماری مانیے کسی ایک تقریب کے لیے لیونگ کورل کا انتخاب ضرور کیجیے۔ آپ ولیمے کی تقریب کے لیے لیونگ کورل رنگ کی ساڑھی سفید رنگ کے موتیوں کے ساتھ منتخب کرسکتی ہیں۔ دوسری جانب مایوں کے غرارے یا دوپٹے کا رنگ بھی لیونگ کورل رکھا جاسکتا ہے۔

شاہی خاندان کے ملبوسات

برطانیہ کے شاہی خاندان کو دنیا بھر میں لباس کا اعلیٰ ذوق رکھنے کی وجہ سے مقبولیت حاصل ہے۔ شاہی خاندان کےڈریس کوڈ میں شامل فیشن ایبل ملبوسات، ہیٹس اور فارمل لباس نہ صرف جدید اور منفرد ہوتے ہیں بلکہ ایک خاص طرز اسٹائل کی ترجمانی بھی کرتے ہیں۔ تاہم لیونگ کورل اس لحاظ سے مزید اہمیت کا حامل ہےکیونکہ اس رنگ کو نہ صرف شاہی خاندان کی اسٹائلش بہوئیں بلکہ ملکہ برطانیہ بھی حالیہ برسوں میں زیب تن کرچکی ہیں۔

٭ شاہی خاندان کی بڑی بہو کیٹ مڈلٹن ایک نہیں کئی بار لیونگ کورل آؤٹ فٹ کا انتخاب کرچکی ہیں۔ گزشتہ برس کیٹ مڈلٹن نے لندن میں برطانیہ کی اولمپک ٹیم سے ملاقا ت کی، اس ملاقات کے دوران کیٹ کی ہاکی کھیلتے ہوئے تصویر خاصی مقبول ہوئی، جس میں کیٹ لیونگ کورل رنگ کی جینز پہنے خاصی پُرکشش اور فٹ دکھائی دیں۔ اس کے علاوہ شاہی خاندان کی مختلف تقریبات میں بھی کیٹ مڈلٹن کو لیونگ کورل رنگ کے کوٹ اور اسکرٹ میں دیکھاجاچکا ہے۔

٭اس سے قبل 2016ء میں شاہی خاندان کی دوسری بہو میگھن مارکل کو بھی لیونگ کورل رنگ کے لباس میں دیکھا جاچکا ہے۔

٭ کروڑوں دلوں کی دھڑکن پرنسس ڈیانا1985ء میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے لیونگ کورل رنگ کا اسکرٹ پہنی دکھائی دی تھیں۔

ریڈکارپٹ آؤٹ فٹ

ریڈ کارپٹ ہو یا مختلف ایوارڈز تقریبات، معروف سیلیبرٹیز مہنگے اور برانڈڈملبوسات پہنے نظر آتی ہیں۔ ان ملبوسات کے لیے برانڈز اور اسٹائل کے ساتھ رنگ بھی خاص اہمیت رکھتے ہیں، ان لباس کے لیے منتخب کردہ رنگوں میں سے ایک لیونگ کورل بھی ہے۔ یہ رنگ سیلیبرٹیز کا انتخاب اس لیے بنتا ہے کیونکہ یہ خواتین کا حسن مزید نمایاں کردیتا ہے۔

٭ 2015ء میں ہونے والی آسکر ایوارڈ تقریب کے لیےامریکن اداکارہ اور گلوکارہ اناکیندرک نے لیونگ کورل رنگ کی شیفون میکسی کاانتخاب کیا تھا۔

٭2013ء میں گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب میں شرکت کےلیےہالی ووڈ کی معروف سیلیبرٹیز جینیفر لوپیز اور جیسیکاالبا نے لیونگ کورل رنگ کی میکسی منتخب کی تھی۔

اب رُخ کریں قارئین کی طرف توآپ اس رنگ کو نہ صرف نئے برس ملبوسات میں بلکہ فیشن لوازمات کے طور پر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ آپ اس رنگ کو ہینڈ پرس، سینڈل اور جیولری کے طور پر منتخب کرتے ہوئے نئے برس کے ٹرینڈ کو فالو کرسکتی ہیں۔

تازہ ترین