• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا‘یا ’گزرا ہوا وقت کبھی لوٹ کر نہیں آتا‘۔ وقت کی اہمیت پر یہ اور اس جیسی کئی کہاوتیں اردو، انگریزی اور دیگر زبانوں میں ہم سب نے سُن رکھی ہیں۔ ان کہاوتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ زندگی میں کامیابی کے لیے وقت کا مؤثر اور بہتر استعمال انتہائی ضروری ہے۔ وقت سے زندگی کو پیداواری بنانا ایک ہنر ہے۔ ہم وقت کو پیداواری بنانے کے لیے مفید مشورے (Tips) مینجمنٹ کی کتابوں، کامیاب لوگوں کے ترغیبی اقتباسات، حوصلہ نہ ہارنے کا سبق دینے والی فلموں یا کسی نئی تحقیق سے حاصل کرسکتے ہیں، تاہم ان تمام ذرائع سے وقت کو پیداواری بنانے کی ٹپس حاصل کرنا ایک مشکل کام ہے۔ ہم آپ کی دلچسپی اور سیکھنے کے لیے چند ماہرین کی وقت کو پیداواری بنانے کی تجاویز آپ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔

ایک منٹ میں ہوجانے والا کام فوراً کر ڈالیں

گریچین روبین( مصنفہ Better Than Before اور The Happiness Project)

’ایک منٹ کا قانون (One-minute Rule)پر عمل کریں اور ہر وہ کام فوری کر ڈالیں، جسے ایک منٹ میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔ کسی ضروری دستاویز کو فائل کرنا، فون پر بہت پہلے سے آئے ہوئے شارٹ میسیج یا ای میل کا جواب دینا، جلدی میں صوفے، بیڈ یا کرسی پرپھینک دیے جانے والے کپڑوں کو الماری میں رکھنا یا اس جیسے کئی دیگر چھوٹے چھوٹے کام۔ یہ کام تیزی سے پلک جھپکتے ہی کیے جاسکتے ہیں اور اس قانون پر عمل کرنا اتنا مشکل بھی نہیں ہوتا، تاہم اس پر عمل کرکے بہت بڑے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں‘۔

کام کے وقت فون کو دور رکھیں

جیمز کلیئر( مصنف Atomic Habits)

’اگر آپ کا کام ایسا ہے کہ آپ فون کے بغیر گزارا کرسکتے ہیں تو دوپہر کے کھانے تک فون کو خود سے دور رکھیں یا دوسرے کمرے میں رکھ دیں۔ اس سے بہت فرق پڑتا ہے۔ جب میرا فون میرے ساتھ رہتا ہے، میں بھی باقی سب کی طرح بن جاتا ہوں یعنی ہر تین منٹ بعد فون چیک کرتا ہوں۔ جب میں فون کو دوسرے کمرے میں چھوڑ کر آتا ہوں تو میری توجہ نہیں بٹتی اور صبح میں کسی خلل کے بغیر تین سے چار گھنٹے مسلسل اپنے ایجنڈے پر کام کرلیتا ہوں ‘۔

سوچنے کیلئے وقت نکالیں

کال نیوپورٹ، ایسوسی ایٹ پروفیسر جارج ٹاؤن یونیورسٹی( مصنف Deep Work)

’میں حساس اور اہم مسائل پر گہری سوچ بچار کرنے کے لیے اپنے کیلنڈر میں اس طرح دن مختص کرتا ہوں جیسے کوئی میٹنگ یا اپائنٹمنٹ ہو۔ پھر میں سوچ بچار کے لیے اس طرح وقت بچاتا ہوں جیسے ایک میٹنگ یا اپائنٹمنٹ کے لیےکرتا ہوں اور اگر کوئی اس وقت میں دیگر امور شامل کرنا چاہے تو مصروفیت بتاکر معذرت کرلیتا ہوں۔ اس سادہ تکنیک سے مجھے فائدہ یہ ہوتا ہے کہ میں اپنا کام گہرائی کے ساتھ کرپاتاہوں۔ اس دوران کوئی کام زیادہ تیزی کے ساتھ اور کوئی کام سست روی کا شکار ہوجاتا ہے۔جس سے میں اندازہ کرتا ہوں کہ اس طرح کی سرگرمیاں میرے شیڈول میں کس طرح کا کردار ادا کررہی ہیں‘۔

اپنی ترجیحات کا تعین کریں

لارا وینڈرکیم( مصنفہ Off the Clock)

’ہر جمعہ کے دن، میں آنے والے ہفتے کا سوچتی ہوں۔ میں تین کیٹیگریز میں اپنی ترجیحات کی فہرست بناتی ہوں: پیشہ ورانہ زندگی، تعلقات، اورمیں خود۔ تین کیٹیگریز کی فہرست یاد دِلاتی ہے کہ مجھے آنے والےہفتے کے دوران ان تینوں کےلیےکچھ نہ کچھ کرنا ہے۔ یہ میرے لیےمتوازن زندگی گزارنے کی کا ایک یقینی طریقہ ہے۔ فہرست بنانے کے بعد میں آئندہ ہفتے کا کیلنڈر اُٹھاتی ہوں اور چیزوں کے لیے وقت کا تعین کرتی ہوں۔ یہ ضروری ہے کہ ترجیحی فہرست کو کاغذ پر تحریر کیا جائے‘۔

15منٹ فہرست بنائیں

کارسن ٹیٹ( مصنفہ Work Simply)

’سستی، کاہلی اور چیزوں کو تاخیر میں ڈالنے اور ملتوی کرتے رہنے کی عادت سے جان چھڑائیں اور پورے دن کے لیے 15-minute listبناکر کام کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں مکمل کرنے کی عادت ڈالیں۔ اس فہرست میں درج ہر کام کو 15منٹ کے انفرادی دورانیہ میں کیا جاسکتا ہے۔ آپ روزانہ کی اس فہرست کو اپنے ساتھ رکھیں، اس پر کہیں لائن میں کھڑے ہوکر انتظار کرنے کے وقت بھی عمل کیا جاسکتا ہے۔ یہ فہرست آپ کو سست پڑنے سے روکے گی۔ ان میں سے کچھ کام ایسے بھی ہونگے، جو 15منٹ سے بہت پہلے مکمل کیے جاسکیں گے، پھر ان فارغ لمحات میں آپ چہل قدمی کریں، اپنے کسی پیارے سے فون پر بات کریں وغیرہ وغیرہ۔ اس طرح آپ خود کو اگلا زیادہ چیلنجنگ اور زیادہ پیچیدہ پراجیکٹ کرنے کیلئے تیار پائیں گے‘۔

ہر دن کیلئے تین اہداف مقرر کریں

کرس بیلی( مصنف A Year of Productivity)

’وقت کو پیداواری بنانے کا میرا پسندیدہ فارمولا Rule of Threeہے۔ ہر دن کے آغاز پر میں خود سے پوچھتا ہوں: ایسے کیا تین کام ہیں، جو میں چاہتا ہوں کہ آج کا دن ختم ہونے سے پہلے مجھے کرلینے چاہئیں؟‘ اگر آپ اپنے وقت کو قابلِ قدر بنانے کے لیے ایک درجہ اور اُوپر جانا چاہتے ہیں تو میں تجویز کروں گا کہ آپ اپنے لیے ہر ہفتے اور ہر مہینے کے لیے بھی تین، تین اہداف کا تعین کریں، جو روزانہ کے اہداف سے الگ ہوں۔

تازہ ترین