سلیم اللہ شیخ بلڑی شاہ کریم
دنیا بھر میں چھوٹے بڑے جرائم پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان میں کام کرنے والے اہل کاروں کی پیشہ ورلانہ تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کےمقابلے میں ہمارے ملک میں آج بھی تھانوں میںکام کرنے کا روایتی انداز ہے،جہاں نہ تو تیز رفتار اور مضبوط پولیس موبائلیں ہیں اور نہ ان کی ضرورت کےمطابق ایندھن ملتا ہے ۔ حتیّٰ کہ سائلین کی رپورٹ کے اندراج کے لیے قلم اور کاغذ کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوتی ۔ زیادہ تر پولیس موبائلیںد ھکا اسٹارٹ نظر آتی ہیںجبل کے اہلکار فرسودہ اور ناکارہ اسلحہ سنبھالے سڑکوں پرگشت کرتےنظر آتے ہیں۔ اگرعلاقوں میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہیں تو اکثر اوقات پولیس اہلکار وں کے بھی جرائم میں ملوث ہونے کی اطلاعات ملتی ہیں۔
پولیس کی کالی بھیڑوں اور فرسودہ سازو سامان اور روایتی نظام سے قطع نظر، سندھ پولیس میں چند ایسے فرض شناس افسران بھی موجود ہیں جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود بھی لامحدود ذمہ داریاں نبھا کر جرائم پر مؤثر انداز میںقابو پانے کی کوشش کی ہے۔ انہی میں سے ٹنڈو محمدخان میں حال ہی میں تعینات ہونے والےایس ایس پی، ذوالفقار تالپور بھی ہیں جنہوں نے اپنی تعیناتی کے بعد پولیس فورس کی بہتری کے لیےچند اایسے نقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی وجہ سے ضلعی پولیس کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔انہوں نےسزا اور جزا کے اصول پر عمل کرتے ہوئے اچھی کارکردگی اور کردار کے حامل افسران کو بطور تھانہ انچارج تعینات کیا جب کہ بری شہرت رکھنے والے افسر و اہل کار کو معطلی، برطرفی اور کوارٹر گارڈ کی سزائیں دیں۔ ان کی جانب سے ان اقدامات اٹھانے کے بعدپولیس نےسماج دشمن عناصر کے خلافْ مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کے امن ومان کو برقرار رکھنے میں اہم کردار اد کیا ۔
گزشتہ دنوں نمائندہ جنگ سے خصوصی ملاقات کے موقع پر ایس ایس پی ذوالفقار تالپور نے بتایاکہ، انہوں نے ضلعی پولیس کی اصلاح کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں جن کی وجہ سے پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہونے میں خاصی مدد ملی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ عوامی شکایات پر ڈی ایس پی بلڑی شاہ کریم کے محافظ سمیت دو پولیس اہل کا روں کو معطل کرکے انہیں کوارٹر گارڈ کردیاگیاہے ،ٹنڈو محمد خان میں ایک شہری کے اغواء میں مبینہ طور پر2 پولیس کاروں کے ملوث ہونے کی اطلاعات پر غلام قادر پہنور اور شریف کچھی نامی اہل کاروں کے خلاف مقدمے کے اندراج کا حکم دیا ہے۔منشیات فروشوں کے ساتھ باہمی روابط کی اطلاعات پر بلاول سٹھیو اور محمد خان پسیونامی2دیگر اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیاہے۔ اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر فائز 2 پولیس اہل کاروںجب کہ13 پولیس کانسٹیبلوں کو معطل اور 12پولیس اہل کاروں کو فرائض سے غفلت برتنے پر کوارٹر گارڈ کیا گیاہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ حال ہی میں محکمہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور افسران و اہل کاروں کو جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما کرنے کے لیے چند انقلابی اقدامات کرتے ہوئے تھانوں کو جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے آپس میں مربوط کردیا گیا ہے جن کے ذریعے وہ ایک دوسرے کے علاقوں میں ہونے والے جرائم اور ملزمان کے کوائف کے بارے میں باخبر رہ سکیں گے۔ ملک و بیرون ملک سے آنے وائے مسافروں کی ہوٹلوں، ریسٹ ہاؤسز اور مسافر خانوں میں مانیٹرنگ کا سافٹ وئیر ’’ہوٹل آئی‘‘، تمام ہوٹلوں کے کمپیوٹر سسٹم کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے تھانوںسے مربوط کردیا گیا ہے۔ پولیس کومطلوب ملزمان، جب بھی کسی ہوٹل میں ٹھہریںگے تو فوری طور پر ان کا بائیو ڈیٹا ازخود تھانوں تک پہنچ جائے گاجب کہ ٹنڈو محمد خان کے تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کا سسٹم آن لائن کیا گیا ہے۔ اب جو بھی ایف آئی آر کٹتی ہے وہ فوری طور پراس ٹیکنالوجی کے ذریعے متعلقہ ڈسٹرکٹ کورٹ تک پہنچ جاتی ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھاکہ ٹنڈو محمد خان میں نفری کی کمی کا سامنا ہے اگر350 مزید پولیس اہل کار ،فورس میں شامل کردئیے جائیں تو پولیس سسٹم میں خاصی بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا قیام ضروری ہے تاکہ مقامی لوگوں کو قریب ترین سینٹر سے ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت حاصل ہو سکے۔
اس موقع پر پولیس ترجمان نے ایس ایس پی کمپلیکس میںبریفنگ دیتے ہوئے جنگ کو بتایا کہ حال ہی میں36 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ جب کہ 65دیگرملزمان کو گرفتار کرکےچرس برآمدکی گئی ہے۔ 108افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب کے علاوہ گٹکے مین پڑی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 173ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ جوئے کے اڈوں پر کارروائی کرتے ہوئے 45ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمات قائم درج گئے ہیں ۔ایک اورکاروائی کے دوران دو درجن سے زائد موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، جن میں سے متعدد موٹر سائیکلیں مسروقہ تھیں۔ ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان نے بہترین کارکردگی پر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او محمود خان کو تعریفی اسناد اور انعامات سےنوازا ۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹنڈو محمد خان کے تھانہ آبادگار کی حدود میں حسین زئور اور صالح ملاح نامی ملزمان، مقامی شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ۔ ٹنڈو محمد خان پولیس کی طرح اگر دیگر شہروں میں بھی پولیس کے نظام کو بہتر بنایا جائےاور اہلکاروں کو ضرورت کے مطابق وسائل مہیا کیےجائیں تووہ اپنے فرائض زیادہ بہتر طریقے سے ادا کرکے شہروں میں امن و امان کی بحالی میں نمایاں کردار ادا کرسکیں گے۔