امریکی کانگریس کی رکن ایڈی برنیس جانس نے کہا کہ پاکستانیوں کی خوشیوں میں شریک ہونا اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ڈیلس میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ’پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس‘ کی جانب سے یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب قومی وملی جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
اس موقع پر امریکی کانگریس کی رکن ایڈی برنیس جانس کاکہنا تھا کہ ہرقوم اپنے آبائی وطن سے جڑی ہوتی ہے اور یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ اس سوسائٹی کے پرچم تلے پاکستانی اپنے وطن کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کی خوشیوں میں اُن کے ساتھ شریک ہو رہی ہیں جو کہ اُن کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
امریکی کانگریس کی رکن نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ اُن کے نوجوانوں میں بڑوں کو عزت، مان اور مرتبہ دینے کا جو جذبہ ہے وہ پاکستان کے کلچر کا ایک اہم جز و ہے۔ ان کی آمد سے امریکہ عظیم تر بنا کیونکہ یہ لیڈر شپ سمیت جو خوبیاں لائے ہیں اس سے امریکا کی بھی ترقی ہوئی ہے۔
یوم پاکستان کے سلسلے پر ڈیلس میں منعقد تقریب میں پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کو عظیم بنانے کا جو خواب ہمارے قائدین نے دیکھا تھا، وہ ختم نہیں ہوا بلکہ اس کے لیے ہمیں مزید کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی بہتر پرورش تعلیم کے ذریعے ہی ممکن بنا سکتے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان سوسائٹی کے نو منتخب صدر عابد ملک کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس‘ پاکستانیوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے۔ نو منتخب صدر نے اس موقع پر کمیونٹی رہنمائوں حفیظ، خان، امیر علی مکھانی، ڈاکٹر ارجمند ہاشمی، ڈاکٹر امان اللہ خان، غلام جہانگڈا ،ممتاز تبسم ،بورڈ آف ٹرسٹی کے اراکین برکت بسریا، ڈاکٹر ریاض احمد ، امیر علی روپانی، محمد یونس، شاہ رخ صدیقی سمیت کمیونٹی اراکین کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور بلاامتیاز اور تفریق ہم کمیونٹی کی خدمت کرتے رہیں گے۔
پروگرام میں کمیونٹی سروسز پر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایوارڈ بھی دئیے گئے جبکہ آخر میں محفل موسیقی میں پاکستان سے آئے ہوئے اور مقامی فنکاروں نے قومی اور ملی نغمے پیش کئے۔ پروگرام کی نظامت غزالہ حبیب اور سلمان تابانی نے کی۔
سینکڑوں پاکستانی فیملیوں نے اس پروگرام میں شرکت کرکے اپنے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا جبکہ ابتداء میں پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔
آنے والے حاضرین کا کہنا تھاکہ عرصہ دراز بعد ایک اچھا پروگرام دیکھنے کو ملا جس سے مادروطن کی یادیں تازہ ہوگئیں جبکہ کامیاب پروگرام پر عوام الناس نے منتظمین اور نومنتخب پاکستان سوسائٹی کے عہدیدارن کو مبارکباد پیش کیں۔