سعودی عرب کے شہر جدہ میں ورلڈ باکسنگ کونسل اور جی ایس اے کی منظوری کے بعد (جدہ سیزن ) موسم جدہ کے تعاون سےسپر باکسنگ لیگ ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ مقابلہ ورلڈ چیمپئن پاکستانی نژادباکسر عامر خان اور آسٹریلیا کے بلی ڈب کے درمیان ہوگا۔12 جولائی 2019 کو ہونے والے اس مقابلے میں پاکستانی باکسر عامر خان کی جانب سے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔جدہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ سعودی عرب میں آ کر کوئی مقابلہ کھیلوں گا۔انہوں نے بتایا کہ مقابلے سے قبل وہ 25 سے 30 جون تک جدہ میں سعودی نوجوانوں کو باکسنگ کی خصوصی ٹریننگ دیں گے جس کا بنیادی مقصد سعودیہ میں موجود با صلاحیت نوجوانوں کو منظر عام پر لانا ہے۔کھیل کو ہمیشہ کھیل سمجھا جائے اور ہار جیت کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔عامر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی عرب میں باکسنگ اکیڈمی کے قیام کی بھی بات چیت چل رہی ہے اور امید کرتے ہیں کہ اس پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔آخر میں انہوں نے تمام لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے ضرور آئیں اور ہماری حوصلہ افزائی کریں۔بیرون ممالک سے آنے والوں کے لیے ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ای ویزا کی سہولت دستیاب ہے جس سے لوگ با آسانی فائدہ اٹھاتے ہوئے اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے آ سکتے ہیں۔