اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنے مذہبی اور قومی تہوار تو شایان شان انداز سے مناتی ہی ہے ،لیکن ایسا اہتمام بھی کرتی رہتی ہے جس سے مقامی کمیونٹی اور مقامی اداروں تک یہ پیغام پہنچے کہ پاکستانی کمیونٹی پر امن اور امن پسند قوم ہے ، اسلام دہشت گردی اور دوسرے مذاہب کی تضحیک کی اجازت نہیں دیتا اسی لئے اسلام کو بھی پر امن مذہب قرار دیا جاتا ہے ۔ اسلام، بھائی چارے ، محبت ، یگانگت اور اپنائیت کا درس دیتا ہے اور کہتا ہے کہ دووسروں کے حقوق کا خیال رکھیں ،دوسری اقوام اور مذاہب کاعزت و احترام کریں ۔ یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی اور مقامی کمیونٹی اسی حوالے سے ایک دوسرے کے نزدیک آ رہی ہے کہ پاکستانی کمیونٹی دوسرے ممالک میں اپنے علماء دین کو مدعو کرتی ہے اور ان سے درس قرآن اور اسلام کا دوسرے مذاہب کے بارے میں کیا احکام ہے جیسے موضوعات پر لیکچرز ، کانفرنسز اور سیمینارز کا اہتمام کرکے مقامی کمیونٹی کو مثبت اور سافٹ امیج پیش کیا جاتا ہے ۔اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا زیادہ تر حصہ بارسلونا اور اس کے گرد ونواح میں مقیم ہے اسی لئے بارسلونا میں اسلامی نقطہ نظر کے حوالے سے سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سے استقفادہ کر سکیں ۔
ویسے بھی بارسلونا میں پروگرامز کے انعقاد کا یقینی بنایا جانا اس لئے بھی لازمی ہے کہ یہاں پر پاکستانی کمیونٹی مقامی کمیونٹی کے ساتھ بہت حد تک متعارف ہے اور ایک دوسروں کے پروگرامز میں شمولیت اختیار کرنا لازم سمجھا جاتا ہے ۔ پاکستانی پروگرامز میں مقامی اتھارٹیز کو مہمان خصوصی کے طور پر بلایا جانا یا انہیں خصوصی طور پر ایسے پروگرامز میں مدعو کرنا لازم ہے تاکہ وہ لوگ ہمارے دین اور ہماری رسومات کو قریب سے دیکھ سکیں ۔اسی سلسلہ میں درس قران انٹرنیشنل کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ،جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور درس قرآن سے استفادہ حاصل کیا ۔ درس قرآن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ ارشد نقشبندی نے حاصل کی ۔ حافظ ارشد نقشبندی نےاس موقعے پر حضورپاک ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت بھی پیش کئے جنہیں سن کر حاضرین درود پاک کا ورد کرتے رہے ۔ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان کی اسپین آمد بارسلونا میں سیکڑوں عقیدت مندوں نے پیر عبدالقدیر اعوان کاپرتپاک استقبال کیا اور گلدستے پیش کرتے ہوئے اس ہال میں لایا گیا جہاں د رس قران منعقد ہونا تھا ۔پاکستانیوں کی جانب سے اسلامی موضوعات پر ترتیب دی گئی محافل کا اسپینش ترجمہ مقامی اداروں تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ یہ لوگ اپنی زبان میں سمجھ سکیں کہ مسلمانوں کی متبرک کتاب قران پاک بنی نو انسان کو کیا پیغام دیتا ہے اور انسانیت پر مبنی معاشرے کے وجود کو کس طرح ترتیب دینے کا حکم دیتا ہے۔
مذہبی ا سکالر عبدالقدیر اعوان نے پاکستانی کمیونٹی کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قران پاک صراط مستقیم ہے ، یہ مکمل ضابطہ حیات ہے ، اس پاک اور الہامی کتاب میں دنیا اور آخرت کے تمام رموز پوشیدہ ہیں ، آخرت کس طرح سنوارنی ہے اور دنیا میں زندگی کس طرح گزارنی ہے ، انسانی حقوق ، جانوروں کے حقوق، میاں بیوی کے تعلقات اور حقوق ، اولاد کے بارے میں فرمان ، انبیاء کے بارے میں معلومات اور حضور پاک ﷺ کی حیات مبارکہ کے حوالے سے کچھ بھی آپ کو چاہیئے تو وہ قران پاک سے مل سکتا ہے ۔قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی وہ آخری اورمستند ترین کتاب ہے جسے دین کے معاملے میں انسانیت کی ہدایت کے لیے محمد رسول اللہ?ﷺپر نازل کیا گیا ہے۔اِس کتاب ہدایت سے استفادہ انسان تب ہی کرسکتا ہے جب وہ اِسے پڑھے گا ، اِس کی تلاوت اور اِس کا مطالعہ کرے گا۔ تلاوت قرآن کی فضیلت احادیث کی روشنی میں واضح ہےحضر ت عثمان بن عفان ?ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ?ﷺنے فرمایا: تم میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور اسے سکھائے۔(بخاری )۔حضرت عمربن الخطاب?ؓسے روایت ہے کہ نبی کریم ?ﷺنے فرمایا: اللہ تعالیٰ اس کتاب (قرآن مجید) کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو سرفراز فرمائے گا اور اسی کی وجہ سے دوسروں کو ذلیل کردے گا۔ (مسلم) سرفراز اللہ کے حکم سے وہی ہوں گے جو قرآن کے احکام کی پیروی کریں گے۔ ابتدائی چند صدیوںمیں مسلمان جب ہرجگہ قرآن کے حامل اورعامل تھے ‘ اس پر عمل کی برکت سے وہ دین ودنیا کی سعادتوں سے بہرہ ور ہوئے۔ لیکن مسلمانوں نے جب سے قرآن کے احکام وقوانین پر عمل کرنے کو اپنی زندگی سے خارج کردیا تب سے ہی ان پر ذلت ورسوائی کا عذاب مسلط ہے۔ کاش مسلمان دوبارہ قرآن کریم سے اپنا رشتہ جوڑیں تاکہ ان کی عظمت رفتہ بحال ہوسکے۔