بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا سے بھارتی جنونیت کی حمایت کرنے پر یونیسف کا عہدہ سفیر برائے امن واپس لینے کی تحریک میں تیزی آگئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی تشدد پسندانہ سوچ اور جنگی عزائم کی حمایت میں بیان دینے پر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا سے یونیسف خیرسگالی سفیر کا عہدہ واپس لینے کی تحریک زور پکڑنے لگی ہے۔
عالمی پلیٹ فارم چینج ڈاٹ آرگ (change.org) پر اس سلسلے میں باقائدہ دستخطی مہم کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، مہم میں 4 گھنٹے میں ایک لاکھ سے زائد افراد کی جانب سے پریانکا چوپڑا کو یونیسیف کی سفیر برائے امن کے عہدے سے ہٹائے جانے کی حمایت کی گئی ہے ۔
چینج ڈاٹ آرگ پر ٹی کاظمی نامی صارف کی جانب سے شروع کی گئی اس دستخطی مہم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کو لاس اینجلس میں منعقدہ ایک بیوٹی ایونٹ میں بیوٹی کوئن پینل ٹاک کے دوران پاکستانی فین نے انہیں اس سال فروری میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ کی حمایت کرنے پر مبنی ٹوئٹس پر آڑے ہاتھوں لیاتھا۔
ایونٹ کے دوران اداکارہ سے سوال و جواب کے سیشن کے دوران عائشہ ملک نامی ایک لڑکی نے کہا تھا کہ آپ کی پڑوسی ہونے کی وجہ سے مجھے معلوم ہے کہ آپ تھوڑی منافق ہیں، 'میری طرح کروڑوں پاکستانیوں نے آپ کو اور آپ کے بالی ووڈ بزنس کو سپورٹ کیا ہے اور آپ انہی کے لیے ایٹمی جنگ چاہتی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی اداکارہ آرمینا خان نے بھی یونیسیف سے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا سے امن کی سفیر کا اعزاز واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ یونیسیف کی سفیر برائے امن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا آپ کو جنگ کا نہیں امن اور محبت کا پیغام دینا چاہیے۔