• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، آوارہ کتوں کو چین اور فلپائن ایکسپورٹ کرنے کی تجویز

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی  میں سگ گزیدگی کے واقعات پر کئی حکومتی اور اپو زیشن کے اراکین نے اظہار تشویش کیا  جبکہ پی ٹی آئی رکن  کی قرارداد بھی منظور کر لی گئی ،اسپیکر سراج درانی نے تجویز پیش کی کہ آوارہ کتوں کو چین اور فلپائن ایکسپورٹ کر دیا جائے۔ تحریک انصاف کے رکن محمد علی عزیز جی جی نے ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کراچی کے خلاف تحریک استحقاق حکومتی یقین دہانی کے بعد واپس لے لی ۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کی  امن و امان کی صورتحال پر تحریک التوا بحث کے لئے منظور کرلی گئی جس پر بحث جمعرات کو ہوگی۔ایوان کی کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کی خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیا کی ایک قراداد جوکتے کے کاٹے کے واقعات میں اضافے پر تھی منظور کرلی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں کتے سے کاٹے کی ویکیسن دستیاب نہیں ،اینٹی ریبیز ویکسین نہ ہونے سے مشکلات ہیں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے اعلان کیاتھاکہ کتوں کو ویکسین لگاکر نسل بڑھانے سے روکا جائےگا لیکن عملاً کچھ نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں ایک لاکھ کتے ہیں۔ جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے تجویز پیش کی کہ آوارہ کتوں کو چین اور فلپائن ایکسپورٹ کردیاجائے۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچو ہو کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں 59کیس سامنے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم کتوں کی نسل کو روکنے اور ویکسین پر کام کررہے ہیں۔

تازہ ترین