کراچی کے علاقے شادمان ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 1 ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔سی ویو پر 2 گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ مقتول کا باپ اور2 بھائی بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شادمان سیکٹر14بی میں سفید کار میں سوار4سے 5 ڈکیت گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، گھر میں داخل ہونے کے لئے ملزمان کے ایک ساتھی نے دیوار کود کر گیٹ کھولا۔
ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنایا اور لوٹ مار شروع کردی، اسی دوران ریاض نامی نوجوان نے ڈکیتوں سے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور مقتول شدید زخمی ہوگیا جو کہ اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گیا۔
فائرنگ سے جاں بحق نوجوان ریاض ملک، ڈی ایس پی طارق ملک کا بھانجا بتایا جاتا ہے۔
واردات کے بعد ڈکیت فرار ہونے سے قبل نقد رقم زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سی یو پر پارکنگ اور ٹھیلہ لگانے والے گروپ کے افراد میں جھگڑا ہوگیا، دونوں کے درمیان کچھ عرصہ قبل بھی جھگڑا ہوا تھا، تاہم رات گئے دونوں گروپوں کے افراد کی معمولی بات پہ تلخ کلامی ہوئی جوکہ بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
دونوں گروپ کے حامی افراد موقع پر پہنچے اور ایک دوسرے پر ڈنڈوں لاٹھیوں اور پتھروں چھریوں سے وار کرنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں موسی نامی ایک شخص چھری کے وار سےجاں بحق ہوگیا، جبکہ مقتول کا باپ 55 سالہ عمر اور 2 بھائی احمد اور عیسی زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب بلدیہ سعید نمبر 8 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے35 سالہ رمضان زخمی ہوگیا۔