پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے غیر آئینی اقدام کی دنیا بھر میں مذمت ہو رہی ہے، بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنا دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے انسانی سانحے سے بچنے کے لئے بین الاقوامی برادری کو بیدار ہونا پڑے گا، اس سلسلے میں عالمی تنظیموں کی مزید خاموشی مجرمانہ غفلت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل کرفیو کے باعث کشمیری عوام ناقابلِ بیان اذیت سے گزر رہے ہیں، ہم آخری سانس تک کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر پوری دنیا کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تنازع کشمیراور بھارت کی مکاری کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے، پاکستانی قوم کشمیری عوام کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔