مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارت کا لاک ڈاؤن 39 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے، 5 اگست سے وادی میں مسلسل کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری ہیں۔
بھارتی ظلم کے خلاف اور کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو مظفرآباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کا اعلان کیا ہے اور کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے متعلق دنیا کو پیغام دیں گے۔
مقبوضہ وادی میں مسلسل پابندیوں سے کشمیریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ مواصلاتی رابطے منقطع، دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ خوراک اور دواؤں کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
حریت رہنما اورسیاسی رہنما بدستور گھروں اور جیلوں میں بند ہیں۔ گزشتہ روز سوپور میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کر کے ایک کشمیری کو شہید کردیا تھا۔