• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی کوچ کے ساتھ کمیونی کیشن کا مسئلہ نہیں ہوتا، یاسر شاہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ غیرملکی کے بجائے ملکی کوچ کے ساتھ کام کرنے کو بہتر سمجھتے ہیں، کیوں کہ پاکستانی کوچ کے ساتھ پلیئرز کو اپنی بات کہنے یا کوچ کی بات سمجھنے میں کوئی مسئلہ نہیں پیش آتا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں یاسر شاہ نے کہا کہ غیر ملکی کوچ کے ساتھ کام کرتے ہوئے پلیئرز کو کمیونیکشن کا مسئلہ ہمیشہ رہتا ہے۔ کبھی کھلاڑی کوچ کی بات نہیں سمجھ سکتے اور کبھی کوچ کھلاڑیوں کا مسئلہ نہیں سمجھ پاتے۔ وہ ذاتی طور پر پاکستانی کوچ کے ساتھ کام کرنا مناسب سمجھتے ہیں۔

ایک سوال پر یاسر شاہ نے کہا کہ انہیں وقار یونس اور مشتاق احمد نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا۔

مرحوم لیگ اسپنر عبدالقادر کے بارے میں سوال کے جواب میں یاسر شاہ نے کہا کہ وہ خوش قسمت تھے کہ انہیں عبدالقادر سے سیکھنے کا موقع ملا، وہ لیگ اسپن کی دنیا میں ایک بڑا نام تھے، آنے والے بولرز ایک اچھے استاد سے محروم ہوگئے ہیں۔

یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ جو بھی فارمیٹ کھیلتے ہیں ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بہتر سے بہتر دیں، لیکن وائٹ بال کرکٹ سے ان کی پرفارمنس زیادہ بہتر نہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان سے اچھی کارکردگی کی توقع رکھتے ہوئے یاسر شاہ بولے کہ دبئی کی کنڈیشنز میں اسپنرز اہم رول ادا کریں گے لیکن آسٹریلیا میں پاکستان کو جیت کے لیے جارح مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

تازہ ترین