• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے اسپیشل میڈیا ٹریبونلز بنانے کا فیصلہ کرلیا: فردوس عاشق

کابینہ اجلاس کے بعد معاونِ فردوس عاشق اعوان میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے


وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپیشل میڈیا ٹریبونلز بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اس حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ میڈیا ٹریبونلز حکومت کا بھی احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں اور پیمرا میں میڈیا سے متعلق زیرِ سماعت مقدمات ٹریبونلز کو منتقل ہوں گے، میڈیا کے الزام پر متعلقہ شخص ٹریبونلز کو مواد پیش کرے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹریبونل کسی کو بدنام کرنے کے الزام کا فیصلہ 90 دن میں کرے گا، کوئی بے گناہ ہے یا قصور وار، فیصلہ ٹریبونل کرے گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاون خصوصی نے کہا کہ میڈیا ٹریبونلز کی نگرانی اعلیٰ عدلیہ کرے گی، ان ٹریبونلز کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مریم نواز کو مسلم لیگ نون کی نائب صدر بننے کی اجازت دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ کئی عدالتوں کے فیصلوں کی نفی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل ایک شخصیت سے 5 پیاروں کی ملاقات کےبعد تاثر دیا گیا کہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے، واضح ہونا چاہیے کہ کوئی ڈیل نہ ہو رہی ہے اور نہ لوٹ کھسوٹ کا پیسہ لیے بغیر کوئی ڈیل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ملک کے پیسہ کا ضامن اور امین وزیرِ اعظم عمران خان کو بنایا ہے، ان کا فرض ہے کہ وہ چوروں سے پیسہ واپس لیں، کسی کو کوئی ریلیف یا خصوصی رعایت نہیں دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ مولانا مظلوم کشمیریوں کی بجائے چوروں کے لیے اے پی سی اور لاک ڈاؤن کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان ہیں جن کادل 22 سالہ جدوجہد کے بعد کشمیریوں کی آزادی کے لیے بے چین ہے، دوسری طرف ایک صاحب 10 سال کشمیریوں کے نام پر مزے کرنے والےہیں، جن کادل 22 نمبر بنگلے کی واپسی کے لیے بے چین ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مظلوم کشمیری جاننا چاہتے ہیں کہ جس کو کشمیر کمیٹی کا 10 سال تک چیئرمین بنایا گیا اس نے کیا کیا؟ انہیں آج کشمیریوں کے لیے کھڑا نظر آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان امریکا جانے سے پہلے سعودی عرب جائیں گے، ہر ایجنڈے میں کشمیر سب سے پہلے ہو گا۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ مودی اور وزیرِ اعظم دونوں کا خطاب 27 کو ہو گا، مودی پہلے خطاب کریں گے، اس موقع پر پاکستان میں احتجاج کی حکمت عملی طے کر رہے ہیں۔

تازہ ترین