• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی صفائی مہم کے چرچے دبئی تک جاپہنچے

کراچی کی صفائی مہم کے چرچے دبئی تک جاپہنچے، سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے میئر کراچی وسیم اختر کی دبئی میں ملاقات کے بعد صوبائی وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ نے سابق گورنر سندھ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سابق گورنر سے کراچی میں صفائی ستھرائی کی صورت حال اور حکومت سندھ کی صفائی مہم کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا انہوں نے خیر مقدم کیا ہے اور کراچی کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی مہم کے آغاز سے متعلق بات ہوئی۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ان کا سابق گورنر سے اکثر رابطہ رہتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے :بڑے پیمانے پر ’’کلین مائی کراچی‘‘مہم

واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر نے سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے دبئی میں اہم ملاقات کی تھی جس میں شہر کی صورت حال اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وسیم اختر نے کہا کہ عشرت العباد بھی کراچی کے لیے فکر مند ہیں۔

انہوں نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل اور ماضی کی طرح آج بھی وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کے درمیان کوآرڈی نیشن کے لیے آپ جیسی شخصیت کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب جمعرات کو میئر کراچی وسیم اختر اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں شہر کو صاف کرنے کا عزم کیا گیا۔

تازہ ترین