گھریلو تشدد اور شوہر کے ناروا سلوک سے تنگ آکر فیشن بلاگر آمنہ عتیق نے خودکشی کرلی ۔
مشہور زمانہ فیشن بلاگر آمنہ عتیق، انسٹا گرام میک اپ آرٹسٹ تھیں۔ وہ ایک فیشن برینڈ کی شریک بانی بھی تھیں ۔
فیس بُک پراس برینڈ نے اپنی ایک پوسٹ پر آمنہ کی اچانک وفات کی اطلاع دی اور اُن کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی۔
24 سالہ آمنہ نے خودکشی سے کچھ گھنٹے قبل اپلوڈ کی ہوئی اپنی ویڈیو میں انتہائی لاغر آواز میں گھریلو زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کو برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ شوہر کے ہاتھوں ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں بات کی۔
خودکشی کرنے سے ایک روز قبل آمنہ نے اپنی ایک ویڈیو میں بتایا تھا اُن کا شوہر ناصرف اُن پر تشدد کرتا ہے بلکہ گالم گلوچ اور انہیں دھتکارتا بھی ہے۔
ایان نامی یہ شخص آمنہ کا دوسرا شوہر ہے۔
آمنہ نے اپنی ویڈیو میں بتایا تھا کہ پہلی شادی اُن کی سوتیلی ماں نے زبردستی کروائی تھی ۔جس سے اُن کی ایک بیٹی بھی تھی ۔ شادی کے 3 سال بعد آمنہ کے شوہر نے اسکی بیٹی سمیت گھر سے نکال دیا۔
آمنہ کا اپنی ایک ویڈیو میں کہنا تھا کہ اُن کا شوہر منشیات کا عادی تھا جس کے زیر اثر وہ انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر ہر طرح کے تشدد کا نشانہ بناتا تھا جس کے بعد سے وہ ڈیپریشن کا شکار رہنے لگیں۔
طلاق کے بعد جب آمنہ اپنے والد کے گھر گئیں تو اُن کے والد نے بھی انہیں گھر میں جگہ دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں صرف عورت کو ہی طلاق کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔
طلاق کے طعنے سے بچنے کے لیے ہی آمنہ کے والد نے جب گھر میں جگہ دینے سے انکار کیا تو آمنہ نے دوست کے گھر پناہ لی اور وہاں سے بیوٹیشن کا کام شروع کیا۔
جون 2018 میں ایان نامی شخص نے آمنہ سے شادی کی پیشکش کی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ شادی کے شروع میں تو اس نے آمنہ سے صحیح برتاؤ کیا تاہم جب آمنہ کے برینڈ نےنام بنانا شروع کیا تو ایان بھی آمنہ کے پہلے شوہر کی طرح سلوک کرنے لگا اور ساتھ ہی ماضی کے طعنے بھی دیتا تھا۔
اس ویڈ یو کے اپلوڈ ہونے کے کچھ گھنٹے بعد ہی آمنہ عتیق مردہ حالت میں پائی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے شمار تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
کچھ صارفین آمنہ کے والد کو اُس کی موت کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں تو کچھ ایان کوآمنہ کی موت کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔
کچھ اسے خودکشی نہیں بلکہ قتل کہہ رہے ہیں۔