• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مخصوص جماعت نے میرے بیان کو ٹاپ ٹرینڈ بنادیا‘

میرپور میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے


وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص جماعت نے میرے بیان کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا ہے۔

میرپور میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی، اِس دوران اُنہوں نے کہا کہ میرے کچھ سوشل میڈیا ساتھیوں اور کچھ الیکٹرانک میڈیا نے میرے بیان کو زلزلے کے بیان کے ساتھ جوڑا اور یہ اینگل دیا کہ یہ حکومتی ترجمان کا زلزلے کے متاثرین کے حوالے سے بیان ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ملک کے مختلف شہروں میں شدید زلزلہ

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں اس کی ناصرف مذمت کرتی ہوں بلکہ ایک مخصوص جماعت نے اپنے میڈیا سیل کے ذریعے میرے بیان کو وائرل کرکے ٹاپ ٹرینڈ بنادیا۔ جو متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے نمک پاشی کررہے ہیں یہ نہایت قابل افسوس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کی رپورٹ مرتب کررہے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گزشتہ روز آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے متاثرہ سڑکیں کل شام تک ہلکی ٹریفک کے لیے قابل استعمال بنادیں گے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ زلزلے سے25 اموات ہوئی ہیں جبکہ 459 افراد زخمی ہیں۔


واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان گزشتہ روز اسلام آباد میں سوشل میڈیا کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: زلزلے پر تبصرے سے سوشل میڈیا پر زلزلہ

اُنہوں نے اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نشانی ہے کہ جب کوئی تبدیلی آتی ہے، تو نیچے بیتابی ہوتی ہے، یہ تبدیلی کی نشانی ہے کہ زمین نے بھی کروٹ لی ہے کہ اس کو بھی اتنی جلدی یہ تبدیلی قبول نہیں ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کےاُس تبصرے پر سوشل میڈیا پر مختلف افراد نے شدید دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ کئی افراد نے اس تبصرے پر شدید تنقید بھی کی۔

تازہ ترین