مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے چھ کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناکر شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی قابض فوج نے ضلع گاندربل میں محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔
نام نہاد بھارتی آپریشن کے دوران چھ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا، آخری اطلاعات آنے تک بھارتی آپریشن جاری تھا۔
یہ بھی پڑھیے : بھارتی فوج کے تشدد سے 15 سالہ نوجوان شہید
مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا اور رام بن میں بھی بھارتی فوج کا محاصرہ اور گھر گھر تلاشی جاری ہے۔
واضح رہے کہ آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل پچپن ویں روز بھی وادی میں مکمل لاک ڈاؤن اور بھارتی فورسز کی جبری پابندیاں جاری رہیں۔
بھارتی فورسز نے کریک ڈاؤن کے دوران انسانی حقوق کارکنوں سمیت ہزاروں افراد کو گرفتار کر رکھا ہے۔
گذشتہ روز بھارتی فورسز کی کڑی پابندیوں کے باوجود کشمیری نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی تسلط کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔
بھارتی فورسز نے مظاہرین پر پیلٹ گنوں سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔