• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقرباپروری، کرپشن کی موجودگی میں ادارے بننا ناممکن ،فردوس عاشق

کراچی(جنگ نیوز) جیو کے مارننگ شو ’’جیوپاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقربا پروری اور کرپشن کی موجودگی میں اداروں کا ڈھانچہ کھڑا نہیں کیا جاسکتا، ریاست مدینہ کی طرف پیش قدمی جاری ہے،وزیر اعظم نے ریاست مدینہ کو رول ماڈل بناتے ہوئے کافی چیلنجنگ منصوبوں کو شروع کیا ہے۔پنجاب کے وزیر جنگلات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف مولانا پر اپنا مال لگا کر انہیں استعمال کر رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کا ایجنڈا "را "کا ایجنڈا ہے وقت آنے پر یہ ظاہر ہو گا کہ وہ "را"کے ایجنٹ بھی ہیں یا نہیں بھارتی میڈیا ان کے احتجاج کو سپورٹ کرکے انہیں ہیرو کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ احتجاج پر حکومت کو مولانا کی کرپشن یاد آگئی،اس وقت مولانا کو نوٹس دینے اور گرفتار کرنے کا مقصد صرف احتجاج کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا ہو گا۔معروف فلمساز سید نور،عمر آفتاب،سماجی کارکن عالیہ صارم،ورکنگ مدر مدیحہ جاوید قریشی اور دیگر نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔پروگرام میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کیلئی" پنک ربن" مہم پر بھی بات کی گئی جس میں جیو نیوزبھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے،ا س حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے پنک ربن کے سی ای او عمر آفتاب کا کہنا تھا کہ پہلے اس مسئلے پر بات کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا،خواتین اپنے گھر والوں سے بھی بیماری چھپاتی تھیں لیکن اب مہم کے نتیجے میں سماجی حلقوں سے کافی سپورٹ حاصل ہورہی ہے۔بچوں کو ڈے کیئر سینٹر میں چھوڑنے پر ورکنگ وومن کو طعنے دینا تنگ نظری ہے،اس حوالے سے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے ورکنگ مدر مدیحہ جاوید قریشی کا کہنا تھا کہ لوگ ایسے سوالات کرتے ہیں کہ وہ کیوں اپنے بچے کوصبح صبح اٹھا کو ڈے کیئر سینٹر میں چھوڑتی ہیں لیکن اس حوالے سے میرا تجربہ تو کافی اچھا رہا ہے کیونکہ بچوں میں ڈسپلن آجاتا ہے ۔

تازہ ترین