العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل اور اضافی شواہد ریکارڈ کرنے کی متفرق درخواست کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے نیب کو 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل اور متفرق درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وکیل نے اپیل کے دوران اضافی شواہد کا جائزہ لینے کی متفرق درخواست دی جس پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی اپیل کی پیپر بُکس کی تیاری ہوچکی، فریقین نے کاپیاں حاصل کرلیں اور کیس 2 ہفتے کے بعد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔