• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن بورڈ کے صدر کے بیان پر پی سی بی کا مایوسی کا اظہار

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی پاکستان میں سیکیورٹی اور مہمان نوازی سے متعلق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر کے بیان پر مایوسی کا اظہار کردیا۔

خیال رہے کہ سری لنکن ٹیم نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 24 ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی۔

ٹیم کی پاکستان میں سیکیورٹی اور نقل و حمل سے متعلق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے کولمبو میں بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان میں سیکیورٹی سے مطمئن ہیں تاہم زیادہ سیکیورٹی کی وجہ سے کھلاڑیوں کی نقل و حرکت بھی بند ہوجاتی ہے۔

شامی سلوا نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا، وہاں 4 سے 5 دن گزارے لیکن سخت سیکیورٹی کی وجہ سے صرف ہوٹل میں محدود رہنے کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے ٹیم کو بطور یونٹ رہنے کا موقع ملا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بہترین نتائج سامنے آئے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا تھا کہ دسمبر میں پاکستان میں ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے متعلق پہلے کھلاڑیوں سے مشورہ کیا جائے گا۔

ادھر اس بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عہدیداران سے رابطہ کیا گیا اور انہیں تمام معاملات اور صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مہمان ٹیم کو دورے کے دوران ان کے بورڈ کی درخواست پر صدارتی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی گئی جبکہ مہمان کھلاڑیوں کو کراچی اور لاہور میں گالف کھیلنے اور شاپنگ کرنے کی بھی پیشکش کی گئی۔

پی سی بی کے مطابق دونوں شہروں میں ٹیم اور اسٹاف کے لیے عشائیوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا جبکہ اپنے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے پروگرام کو ترتیب دینے کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کیا گیا تھا لیکن سری لنکن بورڈ نے پی سی بی کی تمام پیشکش اور دعوتوں کو ٹھکرادیا گیا تھا۔

دوسری جانب پی سی بی حکام کا ماننا ہے کہ شامی سلوا نے کولمبو میں پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر غیر مناسب تبصرہ کیا جس پر مایوسی ہوئی۔

سری لنکن ٹیم کو 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں پاکستان سے 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔

تازہ ترین