• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابری مسجد کیس: بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ میں 40 روز سےجاری عشروں پرانے بابری مسجد کیس کی سماعت آج مکمل ہوگئی، جس کےبعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔

عدالت نے فریقین کو مزید دلائل جمع کرانےکے لیے تین دن کی مہلت بھی دی ہے۔ جس کے بعد عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔

واضح رہے کہ یہ بھارتی سپریم کورٹ کی تاریخ کا طویل ترین زبانی سماعت پر مشتمل کیس ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق توقع ہے کہ سترہ نومبر کو چیف جسٹس رانجن گوگوئی کے عہدے کی مدت کے اختتام سے قبل سپریم کورٹ 17 نومبر سے قبل فیصلہ سنادے۔

چیف جسٹس کے ساتھ بینچ میں جسٹس ایس اے بوڈے، جسٹس ڈی وائی چندراچود, جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس اے نذیر شامل ہیں۔

سپریم کورٹ آف انڈیا 30 ستمبر 2010ء کے الہٰ آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کررہی ہے، جس میں الہٰ آباد ہائیکورٹ نے اس متنازع 2.77 ایکڑ جگہ کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا حکم دیا تھا۔

بابری مسجد کیس پر فیصلے کے پیش نظر ایودھیا میں 10 دسمبر تک دفعہ 144 بھی نافذ کی جاچکی ہے۔

تازہ ترین