وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا سیاست کریں، غنڈہ گردی نہ کریں، بتائیں دھاندلی کہاں ہوئی ہے تاکہ وہ حلقے کھول دیے جائیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دوبارہ مذاکرات کی کوشش شروع کی ہے، اپوزیشن سے رابطوں کا اچھا جواب مل رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اتنے ورکر ہیں چاہیں تو مولانا کو گھر سے ہی نہ نکلنے دیں، مگر ہم اس کی نوبت آنے نہیں دیں گے ۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے ایجنڈے پر اڑے ہوئے ہیں، احتجاج کی اجازت ہے اگر انتشار کیا گیا تو سیکیورٹی ادارے خود نمٹیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے بلاول بھٹو کو تنظیم سازی پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب تو لاڑکانہ بھی آپ کے ہاتھوں سے نکل رہا ہے آپ اس پر توجہ دیں۔
یہ بھی پڑھیے: فضل الرحمٰن اور شہباز شریف میں لائحہ عمل طے پاگیا
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ سے باہر ہیں تو وہ انتشار و مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں ۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک کو پیچھے دھکیلنے میں مولانا فضل الرحمان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، وہ تین مرتبہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں مگر کوئی کام نہیں کرپائے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو ہم سختی سے نمٹیں گے۔