• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی میں اب مزید تبدیلی ناگزیر ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی میں اب مزید تبدیلی ناگزیر ہے، حکومت اپنے خلاف احتجاج کے اعلان سے ہی حواس باختہ ہوگئی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ سبز باغ دکھانے والوں کو دن میں تارے دکھائی دینے لگے ہیں، حکومت کی اقتدار پر گرفت دن بدن ڈھیلی پڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم بناوٹی تبدیلی کے بجائے حقیقی تبدیلی چاہتی ہے، پی ٹی آئی حکومت کو مکافات عمل کا سامنا ہے، تاریخ اپنےآپ کو دہراتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جب ترقی کا پہیہ الٹا گھومتا ہے تو حکومتوں کی الٹی گنتی شروع ہوجاتی ہے، خالی نعروں اور پھیکی سیاست سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلاسڑا فرسودہ نظام دکھوں کا مداوہ نہیں کرسکتا، حکومت نے آج تک سوائے جھوٹے اعداد و شمار اور خوش نما نعروں کے کچھ نہیں کیا۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکومت اپنے خلاف احتجاج کے اعلان ہی سے حواس باختہ ہوگئی ہے، عوام حکومت سےخائف، ہمدردیاں نفرتوں اور تعلق لاتعلقی میں بدل رہے ہیں۔

تازہ ترین