عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی ہے اور مظاہرین نے کربلا شہر میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ کرکے پرچم اُتار پھینکا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق عراق میں حکومت کے خلاف مظاہرے زور پکڑ گئے ہیں، احتجاجی مظاہرین نے کربلا شہر میں ایرانی قونصل خانے کے باہر شدید احتجاج کیا۔
مشتعل مظاہرین نے قونصلیٹ کی بیرونی دیوار کے باہر ٹائر نذر آتش کیے اور ایرانی پرچم اُتار کر وہاں عراقی پرچم لہرادیا۔
اس موقع پر عراقی حکومت اور ایران کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
سکیورٹی فورسز نے ہوائی فائرنگ کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے نتیجے میں اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
عراق میں بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف شدید احتجاج کیا جارہا ہے اور مظاہرین حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ان مظاہروں کا سلسلہ ایک ماہ سے جاری ہے جس کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 250 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔