• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سرمایہ کاری مواقعوں اورسیاحت کیلئے پرکشش مقام ہے، نفیس زکریا

لندن ( جنگ نیوز) برطانیہ میں پاکستان ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت کیلئے ایک پرکشش مقام ہے جہاں بین الاقوامی سیاحوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ وہ سیاحتی مندوبین کے اعزاز میں منعقدہ ایک سیاحتی نیٹ ورکنگ استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے ، ان مندوبین نے لندن میں 4 سے 6 نومبر 2019 تک منعقدہ ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں شرکت کی اور ایک پاکستان ٹورزم پویلین قائم کیا جہاں ملک کے تمام وفاقی یونٹس کی نمائندگی کی گئی تھی۔ٹور آپریٹرز ، ٹریول رائٹرز، ٹریول بلاگرز اور محکمہ سیاحت پاکستان کے سنیئر افسران نے 7 نومبر 2019 کو ہائی کمیشن پر نیٹ ورکنگ ایونٹ میں شرکت کی اور پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیالات کیا۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر سیاحت گلگت بلتستان فدا خان ، معروف فوٹو گرافر کولن پرائر ، شریک بانی برٹش بیک پیکر سوسائٹی مائیکل وورل ، ڈبلیو ٹی ایم نمائندہ کلائوڈ بلینک ، بلاگر اور شریک بانی زی ونڈرنگ فراگس پٹریشیا پیگنال اور بلاگر ٹام گرانڈ بھی شرکا میں شامل تھے۔ معروف کوہ پیما ونیسا اوبرائن جو کے۔ 2 کی چوٹی سر کر چکے ہیں، ایونٹ کیلئے نیک خواہشات پر مبنی پیغام بھجوایا۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نے شرکا کو پاکستان میں پر کشش سیاحتی مقامات اور سرمایہ کاری مواقعوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس روئے ارض کے انتہائی خوبصورت مقامات شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر گزرتےسال سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے، خواہ وہ مذہبی سیاحت ہو کہ ماحولیاتی سیاحت ، ایڈونچر ٹورازم ، سپورٹس ٹورازم ، مائونٹینرنگ، ٹریکنگ یا سکائینگ، پاکستان سیاحوں کو وافر مواقعے فراہم کر رہا ہے۔ مسٹر زکریا نے کہا کہ پاکستان قدیم تہذیب اور مذاہب کی سرزمین ہے۔ انہوں نے ملک میں بالخصوص سکھوں کے مقدس مقامات کی موجودگی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان بشمول لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتریوں کو سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات ونشریات ، اسلام آباد کی جانب سے تیار کئے گئے کرتار پور سانگ کی رونمائی کی گئی۔ یہ گانا سکھ یاتریوں کیلئے کرتارپور راہداری کھولنے کی خوشی میں بنایا گیا ہے برطانیہ میں سکھ کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والے ایک گروپ نے بھی گانے کی تقریب رونمائی میں شرکت کی اور راہداری کھولنے پر اپنی خوشی کے جذبات کا اظہار کیا۔
تازہ ترین