وفاقی حکومت نے ملکی معیشت میں تیزی لانے سے متعلق بڑے فیصلے کرلیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اہم ترین اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء میں حماد اظہر، خسرو بختیار، مشیران میں عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر ودیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس بریفنگ دی اور دعویٰ کیا کہ پاکستان کی شرح نمو ہدف سے زیادہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے 30 ارب روپے اضافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں گردشی قرضے ختم کرنے کے لیے پاور سیکٹر کو 250 ارب روپے دینے کی منظوری دی گئی۔
معاشی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ ایکسپورٹرز کو 200 ارب روپے کی سبسڈی ملے گی جبکہ اسٹیٹ بینک 100 ارب روپے کے اضافے قرضے دے گا۔