• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہ مہردار پر شہریوں کو لوٹنے کا نوٹس لیا جائے‘پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری بیان میں کوہ مہردار کے پہاڑی راستوں پر سیر وتفریح کیلئے جانیوالے سیاحوں، کوہ پیماؤں وشہریوں کو پولیس اور اے ٹی ایف کی وردی میں ملبوس افراد کی جانب سے رہزنی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا علاقے میں پولیس اور اے ٹی ایف کی وردی میں ملبوس ایک گروہ اکثر جمعہ اور اتوار کے دنوں میں گن پوائنٹ پر کوہ پیماؤں ، سیاحوں اور شہریوں کو لوٹنے کے جرم کا مرتکب ہورہاہے ،اب تک درجنوں واقعات ہوچکے ہیں لیکن افسوس ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پولیس تھانوں نے ان واقعات پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرتے ہوئے خود کومکمل طور پر بے خبر رکھا ہوا ۔ کئی واقعات میں گن پوائنٹ پر موبائل ، نقدی اوردیگر اشیاء کے لوٹنے کے بعد شہریوں کو زدوکوب بھی کیا گیا جیسے ہی شہری پہاڑ سے واپس اترتے ہیں تقریباً شام سے رات کے اوقات میں مسلح گروہ سرگرم ہوجاتا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں علاقے کے عوام میں بھی شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے کیونکہ مسلح گروہ انتہائی دلیری کے ساتھ سرکاری وردی میں ملبوس ہوکر جرائم کے واقعات کررہاہے اور پوچھنے پر خود کو پولیس اور اے ٹی ایف کا اہلکار ظاہرکرتے ہوئے دھونس ودھمکیاں دی جاتی ہیں۔ جس سے خدشہ ہے کہ خدانخواستہ کسی دن شہری مسلح گروہ کے ساتھ دست وگریبان نہ ہوں۔ لہٰذا ضلعی انتظامیہ ودیگر متعلقہ ادارے اس مسلح گروہ کے خلاف فی الفور کارروائی کریں اور جرائم کے مرتکب افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
تازہ ترین